جنوبی کوریا کے گلوکار سائی کی ویڈیو’گنگنم سٹائل‘ یوٹیوب کی تاریخ کی پہلی ویڈیو بن گئی ¾دو ارب سے زائد مرتبہ دیکھا گیا

جنوبی کوریا کے گلوکار سائی کی ویڈیو’گنگنم سٹائل‘ یوٹیوب کی تاریخ کی پہلی ...

جوہانسبرگ (این این آئی)جنوبی کوریا کے گلوکار سائی کی ویڈیو’گنگنم سٹائل‘ یوٹیوب کی تاریخ کی پہلی ویڈیو بن گئی ہے جسے دو ارب سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ویڈیو جولائی 2012 میں منظر عام پر آئی تھی اور اس میں سائی نے ایک ایسا ڈانس متعارف کرایا جو چند ہی ہفتوں میں دنیا کا مقبول ترین ڈانس بن گیا تھا۔گلوکار جسٹن بیبر کا میوزک ٹریک ’بے بی‘ وہ دوسرا ٹریک ہے جو یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھا گیا اور اب تک اسے ایک ارب مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

سائی کے دلچسپ انداز کے ہٹ ہوتے ہی اس نغمے کی نقل میں کئی نغمے بنانے کی کوشش کی گئی نغمے کے مداحوں میں فلپائن کی جیل میں قیدیوں سے لے کر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون تک شامل ہیں۔گینگنم سٹائل کی عالمگیر پذیرائی کے بعد سائی کا دوسرا میوزک ٹریک جینٹل مین بھی یو ٹیوب پر بہت سراہا گیا اور اب تک اسے تقریباً 70 کروڑ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ ’جینٹلمین کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اسے یوٹیوب پر ایک دن میں سب سے زیادہ مرتبہ تین کروڑ 80 لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔جسٹن بیبر کی ویڈیو ’بے بی‘ کے بعد یوٹیوب پر تیسرے نمبر پر آنے والی ویڈیو ’چارلی بِٹ مائی فنگر‘ ہے جسے سات کروڑ سے زیادہ ہِٹس مل چکی ہیں۔گذشتہ برس سائی نے اپنا زیادہ وقت دنیا کے مختلف ممالک میں اپنے شو کرنے میں گذارا جہاں ناظرین نے انھیں گینگنم سٹائیل میں براہ راست دیکھا۔36 سالہ سائی سے جب پوچھا گیا کہ آیا وہ خود گینگنم سٹائیل کا ریکارڈ توڑ سکیں گے تو ان کا کہنا تھا کہ ’اب مسئلہ یہ ہو چکا ہے کہ میری میوزک ویڈیو خود مجھ سے بھی زیادہ مقبول ہو چکی ہے۔ یعنی اب میں اپنی پہلی ویڈیو سے مقابلہ کر رہا ہوں اور مجھے اپنی ہی ویڈیو کو شکست دینی ہے۔کچھ عرصہ قبل یوٹیوب کا کہنا تھا کہ اس ویڈیو کو اوسطاً سات سے دس ملین افراد روزانہ دیکھتے ہیں۔ویڈیو میں جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول کے ایک خوشحال علاقے گنگنم میں صارفیت یا کنزیومرازم پر طنز کیا گیا ۔

 

مزید : عالمی منظر