السیسی کی کامیابی، یو اے ای کا مصر کے لیے مالی امداد کا اعلان

السیسی کی کامیابی، یو اے ای کا مصر کے لیے مالی امداد کا اعلان

ابوظہبی/قاہرہ(این این آئی)متحدہ عرب امارات نے مصر میں سابق فوجی سربراہ فیلڈ مارشل (ریٹائرڈ)عبدالفتاح السیسیی کی صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعد قاہرہ کی معیشت کی بہتری کے لیے مالی امداد کا اعلان کردیا،،دوسری جانب مصر نے یو اے ای کی جانب سے امداد کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے،سعرب ٹی وی کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید آل نھیان نے ابوظہبی میں اپنے جرمن ہم منصب فرانگ اشٹائمر کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک مصر کو معاشی بحران سے نکالنے اور صحیح راہ پر ڈالنے میں مدد کے لیے مالی اعانت جاری رکھے گا، وزیر خارجہ عبداللہ النھیان نے کہاکہ یو اے ای چاہتا ہے کہ عالمی برادری مصر کی ابتر معاشی صورتحال کو بہتر بنانے میں قاہرہ کی نئی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے۔ اس ضمن میں ہم جرمنی جیسے اتحادی اور دوست ممالک، عالمی بنک اور عالمی مالیاتی فنڈ سے بھی اپیل کریں گے-

 کہ وہ مصر کو اس کی ضروریات کے مطابق امداد فراہم کریں، عبداللہ النھیان نے توقع ظاہر کی کہ مصر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات باہمی شراکت کا عمل جاری رکھیں گے۔ ایران سے تعلقات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے اختلافات صرف اس کے متنازعہ جوہری پروگرام تک محدود نہیں بلکہ کئی دوسرے مسائل بھی وجہ نزاع ہیں، تاہم ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری تنازعہ شیڈول کے مطابق حل ہونا چاہیے،دوسری جانب مصر نے یو اے ای کی جانب سے امداد کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ ابوظہبی میں تعنیات مصری سفیر حسام القاویش نے مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ان کا ملک امداد فراہم کرنے والے تمام دوست ممالک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہیں امید ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں دوست ممالک مصر کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

 

مزید : عالمی منظر