عوامی رکشہ یونین مطالبات کے حق میں ایل ٹی سی ہیڈ کوارٹر کے سامنے دھرنا دے گی

عوامی رکشہ یونین مطالبات کے حق میں ایل ٹی سی ہیڈ کوارٹر کے سامنے دھرنا دے گی

لاہور(وقائع نگار)عوامی رکشہ یونین پاکستان کے چیئرمین مجید غوری نے صوبائی دارالحکومت کے تمام یونٹوں کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے عوامی رکشہ یونین پاکستان نے ایل ٹی سی کے ہیڈ کواٹر لبرٹی چوک گلبرگ میں مطالبات کی منظوری تک دھرنا دینے کا حتمی فیصلہ کیا ہے اس مدت کے دوران بھی ہمارے کارکن لبرٹی گول چکر پر اپنے مطالبات کا بینر لئے کھڑے رہیں گے اس دوران سکولوں کے بچے ، وکلاء ،تاجر ،سول سوسائٹی کے افراد،سیاسی جماعتوں کے کارکن و رہنمارکشہ ڈرائیوروں کی خواتین اور بچے رکشہ ڈرائیوروں سے اظہار یکجہتی کیلئے روزانہ کی بنیاد پرلبرٹی گول چکرآئیں گے اور احتجاجی مظاہروں میں ہمارا ساتھ دیں گے۔ اس دوران رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے حوالے سے 25000ہینڈ بل بھی تقسیم کئے جائیں گے تاکہ ہر شخص کو پتہ چلے کے ہمارے ساتھ کتنی زیادتی ہورہی ہے 9جون کوپورے شہر کے رکشہ ڈرائیور لبرٹی گول چکر پر رکشوں اوربیوی بچوں سمیت صبح دس بجے دھرنا دے دیں گے اور لبرٹی گول چکر کو چاروں طرف سے بند کر دیا جائے گاہم عوام سے پیشگی معذرت خواہ ہیں کیونکہ ہمارا مقصد عوام کو تنگ کرنا نہیں اس دن عوام کو جو پریشانی اٹھانی پڑے گی اس سے کئی گنا بڑی پریشانیوں سے غریب رکشہ ڈرائیور اور اس کا خاند ان روز گذرتا ہے عوامی رکشہ یونین کے صدر حافظ مظہر جیلانی نے کہا کہ ہم نے اپنے تمام کارکنوں کو بسترے اور کھانے پینے کا سامان ساتھ لانے کی ہدایت کر دی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1