میڈیا سٹی کو بجٹ کا حصہ بنادیا، جلد سنگ بنیاد رکھیں گے ،پرویزخٹک

میڈیا سٹی کو بجٹ کا حصہ بنادیا، جلد سنگ بنیاد رکھیں گے ،پرویزخٹک

پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پشاور کے صحافیوں کےلئے اعلان کردہ میڈیا سٹی کو باضابطہ طور پر بجٹ کا حصہ بنادیا ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ اس منصوبے کے آغاز کےلئے دیگر ضروری امور تیزی سے نمٹائے جارہے ہیں، اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، بہت جلد پشاور کے نزدیک ترین مقام پر اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ خیبرپختونخوا ہاﺅس نتھیا گلی میں پشاور پریس کلب کے صدر ناصر حسین اور خیبریونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر محمد نعیم کی قیادت میں سینئر صحافیوں کے ایک وفد سے خصوصی ملاقات میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بتایا کہ انہوں نے میڈیا سٹی کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات جاری کی ہیں اور حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ میڈیا سٹی کو آئندہ چند روز میں پیش کئے جانے والے خیبرپختونخوا کے بجٹ کا باضابطہ طور پر حصہ بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے صحافیوں کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے اور ان کی فلاح و بہبود کےلئے مزید اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے پشاور پریس کلب کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے یقین دلایا کہ بہت جلد وہ پریس کلب کا دورہ کریں گے اور میڈیا سٹی سمیت دیگر فلاحی منصوبوں کے حوالے سے پشاور کی صحافی برادری کے ساتھ بنفس نفیس بات چیت کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر