شہر قائد میں موت رقص کرتی رہی،دہشتگردی نے 9افراد نگل لیے

شہر قائد میں موت رقص کرتی رہی،دہشتگردی نے 9افراد نگل لیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                      کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہرقائد میں دہشت گردی کا تسلسل جاری اتوار کوفائرنگ کے مختلف واقعات اور دستی بم حملوں میں بلاول ہاﺅس میں تعینات پولیس اہلکار، اس کی بیوی اوردو بچوں ، ایم کیو ایم کے کارکن سمیت 9افرادجاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد طارق روڈ لبرٹی چوک پر واقع ریڈ ایپل ریسٹورنٹ پر 2 دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میںغلام حیدر نامی شخص جاں بحق جبکہ 40 سالہ خادم حسین، آصف ولد عبدالرزاق اور 40 سالہ صادق کشمیری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق حملے میں غلام حیدر بھی زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ حملے کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ بھتہ خوری کی واردات کا شاخسانہ لگتا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ نارتھ کراچی کے علاقے کریلا موڑ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کار نمبر AXB-256 پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ مقتولین کی شناخت 45 سالہ عبدالغفار ولد اللہ رکھا اور 35 سالہ حفیظ الدین ولد رحیم الدین کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق عبدالغفار کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے اور وہ 142 یونٹ کاکارکن بتایا جاتاہے۔ بلدیہ ٹاﺅن گلشن مزدور میں پولیس اہلکار رمضان ، اس کی بیوی اور دو بچے اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ۔ اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق رپیڈ رسپانس فورس کے اہلکار رمضان کے سر اور سینے میں گولیاں ماری گئیں۔ اس کی لاش گھر کے اندر دروازے کے قریب پڑی تھی جبکہ اس کی بیوی نادیہ ، تین سالہ اسد اور ڈیڑھ سالہ عمائمہ کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا اور ان تینوں کی لاشیں کمرے میں تھیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چار افراد کے قتل کی یہ اندوہناک واردات ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگ رہی ہے ۔ قاتلوں نے پہلے ماں اور بچوں کو قتل کیا اور اس کے بعد رمضان کو گھر میں داخل ہوتے ہی گولی مار کر قتل کر دیا ۔ پولیس اہلکار رمضان کا تعلق لاڑکانہ سے تھا اور وہ بلاول ہاﺅس میں تعینات تھا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق قاتل نے پہلے پولیس اہلکار کے بیوی ، بچوں کو گلاگھونٹ کرموت کی نیند سلادیا اورگھر میں چھپ کر بیٹھ گیا۔ جب رمضان گھر میں داخل ہواتوقاتل نے سینے اور گردن پر گولیاں مار کراسے بھی قتل کردیا ۔ فائرنگ کے وقت پولیس اہلکار وردی میں تھا۔ جاں بحق اہلکار کا تعلق لاڑکانہ سے ہے۔ادھر پیپلز چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہیداپستال منتقل کردیا گیا۔مقتول کی شناخت محمد سلیمان کے نام سے ہوئی ہے ۔ادھربریگیڈتھانے کی حدودلائنزایریا میں شوہر نے تیزدھارآلے سے بیوی کو قتل کردیا جس کی شناخت 40سالہ مینوخاتون زوجہ محمدبخش کے نام سے ہوئی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اورنگی ٹاﺅن نمبر1سوات چوک کے قریب جھگڑے کے دوران 15سالہ گل زمان ولد مہربان سرمیں پتھرلگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ ایس اورنگی ساجد سدوزئی کے مطابق کامران سید ولدلال سید نے ذاتی جھگڑے کے دوران گل زمان کے سرپر پتھر مار کر قتل کردیا پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔ایس پی کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغازکردیا گیا ہے۔ گلشن بہار اورنگی ٹاﺅن کے علاقے میں گھریلو جھگڑے کے دوران 22 سالہ فرزانہ، 20 سالہ عبدالعزیز اور ان کا باپ سلیم زخمی ہوگئے۔ فرزانہ اور عبدالعزیز آپس میں بہن بھائی جبکہ سلیم ان کا باپ بتایا جاتا ہے۔ تینوں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزید :

صفحہ اول -