24 گھنٹوں میں ڈاکو و ں کے 6 خطرناک گینگز کے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا

24 گھنٹوں میں ڈاکو و ں کے 6 خطرناک گینگز کے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                       لاہور ( کرائم سیل) ایس پی کینٹ محمد سرفراز خاں ورک کی ہدایت پر ایس ایچ اوشمالی چھاﺅنی سمیت کینٹ ڈویژن کے پانچ ایس ایچ اوز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈاکوﺅں ، راہزنوں اور نقب زنوں کے 6 خطرناک گینگز گرفتار کر لئے ہیں جبکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات فروشوں اور قمار بازوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی کینٹ کے مطابق سی سی پی او لاہور چودھری شفیق احمد اور ڈی آئی جی آپریشن رانا عبدالجبار کے حکم پر کینٹ ڈویژن کے تمام ایس ایچ اوز کو ڈکیتی، راہزنی اور نقب زنی سمیت دیگر سنگین واقعات کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹاسک دیا گیا جس پر کینٹ ڈویژن کے پانچ تھانوں کے ایس ایچ اوز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈکیتی اور راہزنی میں ملوث 4 خطرناک گینگز گرفتار کئے ہیں ، ڈی ایس پی شمالی چھاﺅنی فرحت عباس کی نگرانی میں ایس ایچ او شمالی چھاﺅنی شبیر اعوان اور ان کی ٹیم میں شامل سب انسپکٹر اللہ رکھا اور ملک محمد خالق نے خطرناک نیدا مسیح گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان نوید مسیح، عدنان جمی اور شاہد رضا کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان نے دوران ابتدائی تفتیش غازی آباد، شمالی چھاﺅنی ، ڈیفنس اور جنوبی چھاﺅنی کے علاقوں میں 2 درجن سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ اسی طرح ایس ایچ او غازی آباد رانا محمد شاہد نے ڈاکوﺅں کے خطرناک گروہ سمیت منشیات فروش اور شراب فروخت کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جبکہ ایس ایچ او جنوبی چھاﺅنی حسنین فاروق نے دو بین الاضلاعی کار چوروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 4 گاڑیاں برآمد کر لی ہیں۔ گرفتار ملزمان شہباز اور امداد علی سابقہ ریکارڈ یافتہ اور شہر کے پوش علاقوں اور مارکیٹوں کے باہر سے گاڑیاں چوری کرنے کی درجنوں وارداتیں کر چکے ہیں۔ اسی طرح ایس ایچ او باغبانپورہ صفدر سجاد نے تین ڈاکوﺅں کے تین رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے جو کہ اُجرتی قاتل اور گرفتار ملزمان فاروق وغیرہ درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے اور دوران واردات مزاحمت پر شہریوں کو قتل کر دیتے تھے، جبکہ ایس ایچ او ہربنس پورہ عتیق ڈوگر نے ڈکیتی و راہزنی کی دو درجن سے زائد وارداتوں میں ملوث ایک خطرناک تین رکنی گینگ اور نقب زن تین رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔ ڈاکوﺅں کے گرفتار ہونے والے گروہ میں بلال ، ارشد خاں وغیرہ شامل ہیں جو کینال روڈ پر سرشام وارداتیں کرتے تھے، جبکہ نقب زن گروہ اشفاق اور اسکی دوسری بیوی شازیہ وغیرہ صبح سویرے دروازہ کھلا دیکھ کر شہریوں کے گھروں میں گھس کر درجنوں وارداتیں کر چکے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے لاکھوں مالیت کے زیورات اور نقدی کی برآمدگی کے لئے تفتیش جاری ہے۔ اسی طرح ایس ایچ او ہربنس پورہ نے میچ جواءاور قمار بازی کے ملزموں کے خلاف کریک ڈاﺅن کر کے 60 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جبکہ ایس ایچ او جنوبی چھاﺅنی حسین فاروق نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے سلیم عرف ٹلی وغیرہ منشیات فروشوں سے 4 کلو منشیات برآمد کر لی ہے، جبکہ عرفان عرف فانی وغیرہ سے 500 لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔ ایس پی کینٹ کے مطابق بہتر کارکردگی والے ایس ایچ اوز کے لئے انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

مزید :

علاقائی -