گوگل کا پوری دنیا کو انٹرنیٹ فراہم کرنے کا منصوبہ
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی اخبار وال سٹریٹ جنرل کے مطابق گوگل 180 سیٹلائٹس بنانے کی تیاری کر رہا ہے جو کہ حجم میں تو کافی چھوٹی ہوں گی لیکن یہ خلاءمیں زمین کے گرد چکر لگاتے ہوئے انٹرنیٹ سے محروم علاقوں کو انٹرنیٹ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھیں گی۔ کمپنی کی ترجمان نے اس خبر کی تصدیق یا تردید سے انکار کیا ہے لیکن ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ انٹرنیٹ واقعی لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس منصوبے پر 3 ارب ڈالر لاگت آ سکتی ہے تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ بالآخر ان سیٹلائٹس سے کافی آمدنی کمائی جا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے گوگل ’پراجیکٹ لون‘ کا آغاز بھی کر چکا ہے جس کے تحت دور دراز کے علاقوں میں دیوقامت غباروں کے ذریعے انٹرنیٹ پہنچایا جا سکتا ہے۔ انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں اضافے سے گوگل کو امید ہے کہ زیادہ لوگ اس کے اشتہار دیکھ سکیں گے اور اس کی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔