اہم شخصیات اوراعلیٰ افسروں کی سکیورٹی سخت، سرگرمیاں محدود
لاہور( محمد نواز سنگرا)سرکاری افسروں اور ارکان اسمبلی سمیت اہم شخصیات کی سیکیورٹی سخت نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے۔رکن صوبائی اسمبلی رانا جمیل کے اغواءکے بعد پنجاب میں سرکاری افسروں اور ارکان اسمبلی سمیت اہم شخصیات کی سیکیورٹی سخت اور سرگرمیاں بھی محدود کر دی گئی ہیں ۔حکومت پنجاب سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر جہاں غیر ملکیوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دے رہی تھی وہاں پنجاب کی تما م اہم شخصیات کی سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے مخصوص لوگوں کی سیکیورٹی کےلئے ایک پلان تشکیل دینے پر بھی غور شروع کر دیا ہے جس میں ایجنسیزسے بھی خصوصی تعاون لیا جائے گا ۔شمالی وزستان میں آپریشن کے پیش نظر جہاں ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنا شروع کر دیئے ہیں وہاں پنجاب حکومت بھی کڑے سے کڑے انتظامات کر رہی ہے تاکہ صوبے میں شہریوں کی جان ومال کو محفوظ بنایا جائے۔تما م سرکاری کالونیوں ،دفاتراور اہم شخصیات کی رہائش گاہوں کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور سیاستدانوں سمیت دیگر ملکی اور غیر ملکی اہم شخصیات کی سیکیورٹی انتہائی سخت جبکہ نقل حرکت بھی محدود کر دی گئی ہے۔ارکان اسمبلی کو انتخابی حلقوں میں بھی سرگرمیاں محدود کرنے اور گاو¿ں سے تعلق رکھنے والے ارکان کو سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایا ت کی گئی ہیں ۔ملک میں بڑھتے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر فوج کی خدمات بھی لی جا سکتی ہیں۔