ترکی کے تعاون سے غزہ کی پٹی میں 4ہزار مرد و خواتین رشتہ ازدواج میں منسلک

ترکی کے تعاون سے غزہ کی پٹی میں 4ہزار مرد و خواتین رشتہ ازدواج میں منسلک

  

غزہ (این این آئی)ترک حکومت کے تعاون سے غزہ کی پٹی میں 4ہزار مردو خواتین باہم رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ اجتماعی شادی کی پروقار تقریب میں بڑی تعداد میں مقامی شہریوں نے بھی شرکت کی اور ترک حکومت کے تعاون کاخصوصی شکریہ ادا کیا،اجتماعی شادی کی تقریب ترک وزارت مذہبی امور اور ترکی کی سرکاری ایجنسی برائے رابطہ و ہم آہنگی ٹیکا کے تعاون سے انجام پائی۔ذرائع کے مطابق رشتہ ازدواج میں منسلک ہونیوالے دو ہزار جوڑے پہلے وسطی غزہ کی پٹی میں السریا کے مقام پر جمع ہوئے جہاں سے وہ اجتماعی شکل میں یرموک گراؤنڈ پہنچے جہاں شادی کی مختلف رسوم اور نکاح کے مراحل کی تکمیل کے بعد آنے والے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔اجتماعی شادی کی تقریب میں سابق فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ترک حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں اجتماعی شادیوں کی تقریب کے انعقاد پر اپنی جماعت اور پوری فلسطینی قوم کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا یہ پروگرام نہ صرف پوری فلسطینی قوم کیلئے خوشی اور مسرت کا موقع ہے بلکہ یہ فلسطینی قوم اور ترکی کے درمیان بھائی چارے کے فروغ کا بھی ذریعہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور غزہ مظلوموں کی سرزمین ہے۔ اجتماعی شادیوں کی یہ تقریب صہیونی مظالم کے شکار فلسطینیوں کو خوشی کا ایک نیاموقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کا یہ موقع اس وقت پایہ تکمیل کو پہنچے گا جب وطن عزیز دشمن کے قبضے سے آزاد ہو گا۔

مزید :

عالمی منظر -