ایک لاکھ ماہر افرادی قوت کو اگلے تین سال میں مرحلہ وار قطر بھیجا جائیگا ‘ عرفام قیصر شیخ

ایک لاکھ ماہر افرادی قوت کو اگلے تین سال میں مرحلہ وار قطر بھیجا جائیگا ‘ ...

  

لاہور (پ ر)ایک لاکھ ماہر افرادی قوت کو اگلے تین سال میں مرحلہ وار قطر بھیجا جائیگا ۔ اس سلسلے میں 250 ہنر مند افراد کو پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر رمضان کے بعد بھیج دیا جائے گا۔بھرتی کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے منتخب شدہ افرادی قوت ٹیوٹاپنجاب کے پلیسمنٹ سیل کے ذریعے باہر بھیجی جائے گی۔ پاسپورٹ، میڈیکل چیک اپ، پروٹیکٹر فیس، نادرہ کارڈ اور سفری اخراجات کے تمام معاملات کوٹیوٹا سیکرٹریٹ میں ون ونڈو آپریشن کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ ماہر افرادی قوت اسٹیڈیم، ہوٹلوں اور فیفا ورلڈ کپ 2022کے دیگر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے اپنی خدمات فراہم کرے گی۔صوبہ پنجاب کے تین سرکاری ادارے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)، پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل (پی وی ٹی سی) اور پنجاب سکل ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی ایف)قطر کو ہنر مند بھجوائیں گے جبکہ ٹیوٹا ہنر مند افراد ی قوت کو برآمد کرنے کیلئے سب سے اہم کردار ادا کریگی ۔چےئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ قطر کے کامیاب دورے سے واپسی پر ٹیوٹا میں ایک اجلاس سے خطا ب کر رہے تھے ۔چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، جنرل منیجرز حامد غنی انجم، عبدالقیوم، اظہر اقبال شاد، کنسلٹنٹ فارن پلیسمنٹ عامر حسن اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ یہ دورہ وزیر لیبر اور ہیومن ریسورس راجہ اشفاق سرور کی سربراہی میں بشمول چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ ،یو ایس ایڈ کنسلٹنٹ سید فخر اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے چیئرمین فیصل اعجاز خان کے ساتھ کیا گیا ۔ اپنے دورہ کے دوران وفد نے لیبر منسٹر ڈاکٹر عبد اللہ، دوہا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، قطر میں چیف ایگزیکٹیو فیفا ورلڈ کپ 2022، معروف انڈسٹریز اور اہم سرمایہ کاروں کے ساتھ کامیاب ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے پاکستانی ہنر مند افرادی قوت کو روزگار کی فراہمی کیلئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ٹیوٹا انکی ڈیمانڈ کے مطابق ایگزیکٹو ز،پیرا میڈکس ،کمپیوٹر آپریٹر ز،آپریٹرز(کرین ،ایکس کیویٹراور شاول )،ہیوی ڈیوٹی ڈرائیور، ایسویسی ایٹ انجینئرز ، سپروائزرز،مشین /موٹر مکینک،کارپینٹر ،سٹیل فیکسر ،پینٹر، میسن،کک، ہاؤس کیپکنگ، پلمبر،ویلڈر،ائیر کنڈیشن مکینک،ہوٹل سٹاف اور جنریٹر آپریٹر جیسے کورسز کو اپ ڈیٹ اور متعارف کروائے گی ۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہاکہ قطر اتھارٹی پاکستانی ہنر مند افراد ی قوت کوخاص سہولیات میسر کرے گی جن میں ویزا اورلیبر کے ہوائی سفر کی لاگت، مقامی نقل و حرکت ،میڈیکل فٹنس ،میڈیکل انشورنس ،کھانا اور رہائش کے اخراجات آجر برداشت کرے گا۔کم از کم عمر کی حد ،جاب ڈسکرپشن ،تنخواہ کا پیکج بشمول مختلف مہارتوں میں اُوور ٹائم اور نوکری کے دورانیے کا معاہدہ بھی آجر کی طرف سے واضح کیا جائے گا ۔مہارتوں کی جانچ اور ڈپلومہ کی تصدیق ٹیوٹا ،پی وی ٹی سی اورپی بی ٹی ای کرینگے جبکہ نجی اداروں کی توثیق و تصدیق کرنے کا مجاز صرف ٹیوٹاہوگی۔ہم پر عزم ہیں کہ ہماری ہنر مند افرادی قوت قطر کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی ۔

مزید :

کامرس -