پنجاب ڈینٹل کالج کی جانب سے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کیمپ
لاہور (لیڈی رپورٹر) چا ئلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفئیر بیورو، لاہورمیں پنجاب ڈینٹل کالج کی جانب سے ایک روزہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب ڈینٹل کالج کی جانب سے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شمتا صوفیہ کی سربراہی میں پنجاب ڈینٹل کالج کے 80طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اس کیمپ کا بنیادی مقصد چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کو دانتوں کی صفائی اور حفاظت کے بارے میں آگا ہ کرنا اور پنجاب ڈینٹل کالج کے طلبہ و طالبات کو عملی طور پر دانتوں کی حفاظت اور علاج معالجہ کی ٹریننگ دینا تھا۔ اس کیمپ میں ڈاکٹر شمتا صوفیہ نے بچوں کو دانتوں کی صفائی اور احتیاط کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ اس کے علاوہ ڈینٹل کالج کے طلبہ نے ڈاکٹر شمتا صوفیہ کی سربراہی میں بیورو میں بچوں کا تفصیلی چیک اپ بھی کیا اور انھیں حفاظتی اقدامات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ طلبہ کی جانب سے بیورو کے بچوں کیلئے دانتوں کی حفاظت اور صفائی کیلئے مختلف ماڈل اور ایکٹیویٹیز کا اہتمام بھی کیا گیا تاکہ بچے آسانی سے دانتوں کی صفائی اور حفاظت کے عمل کو سمجھ سکیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو فاطمہ شیخ، ڈائریکٹر پروگرام تانیہ ملک اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے میڈیکل سیکشن کے انچارج ڈاکٹر احمد ندیم بھی موجود تھے۔