ڈائریکٹوریٹ ڈویلپمنٹ کے لیبارٹری سکو ل میں تقریب تقسیم انعامات

ڈائریکٹوریٹ ڈویلپمنٹ کے لیبارٹری سکو ل میں تقریب تقسیم انعامات

  

 لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ کے لیبارٹری سکو ل میں گزشتہ روز تقریب تقسیم انعامات ہوئی۔ جس میں سکول کے سابق طلباء، پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایس ڈی احسان بھٹہ ،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خلیق الرحمان ، نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سابق چیئر مین جنرل(ر) فاروق احمد خان اور بریگیڈئر طارق نے بطور مہمانا ن خصوصی شرکت کی اور سکول کا دورہ بھی کیا ۔مہمانان خصوصی نے جماعت ششم سے د ہم جماعت کے سہ ماہی امتحا نات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں ٹرافی اور بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر پروگرام ڈائریکٹر احسان بھٹہ کا کہنا تھا کہ سابق طالب علم اور ڈی ایس ڈی کے لیبارٹری سکول ہونے کی حیثیت سے حال ہی میں انہوں نے اس سکول کو اپنا یا ہے اور خاص طور سے طلباء کی تربیت پر خصوصی توجہ دی ہے۔سکول میں بہترین کارکردگی دکھانے والی کلاس کو نیشنل سائنس میوزیم کا دورہ کروایا گیا ہے اور معلوماتی فلم دکھائی گئی۔   اس کے علاوہ طلباء کو ٹریفک سے متعلق معلومات، قطار اور اپنی باری کا انتظار جیسی عادات سکھائی گئی ہیں تاکہ وہ مفید شہری بن سکیں طلباء کو مضامین سے متعلقہ جماعت میں سرگرمی کے ذریعے اسباق سمجھائے جاتے ہیں اور نئے بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کیلئے ریسورس سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر جنرل (ر) فاروق احمد خان کا کہنا تھا کہ پائلٹ سکول نے پاکستان کو نامور شخصیات دیں جن میں سے متعدد پاکستان آرمی میں اعلی عہدوں پر فائز ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آرمی میں ان کی سلیکشن میں پائلٹ سکول کی تعلیم اور تربیت کا بڑا ہاتھ ہے۔ اس موقع پر بریگیڈئر طارق کا کہنا تھا کہ اساتذہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ نظم وضبط کے پابند اور اعلی اخلاقی اقدار کے حامل ہوں۔انہوں نے بتایا کہ 60کی دہائی میں پائلٹ سکول کے اساتذہ نے طلباء کی تربیت پہ گہری توجہ دی آج کے اساتذہ کو بھی طلباء کی تربیت پر گہری توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ پائلٹ سکو ل مزید نامور شخصیات سے پہچا نا جائے ۔ا س موقع پرڈاکٹر خلیق الرحمان کا کہنا تھا کہ 1962 سے 1967 تک وہ اسی سکول کے طالبعلم رہے ا ان کا مزید کہنا تھا کہ بڑا نا م اور عزت کی جگہ ہمیشہ سخت محنت سے ملتی ہے اور وہ امید کرتے ہیں کے سکول کے طلباء اور اساتذہ مزید محنت کریں گے اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے سکول کے آڈیٹوریم کے لئے ساؤنڈ سسٹم دینے کا بھی اعلان کیا ۔اس موقع پرمہمانان خصوصی نے سکول کے پرنسپل اظہر محمود اور دیگر اساتذہ کی خدمات کو سراہا۔ پرنسپل گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول نے مہمانان خصوصی کو اعزازی شیلڈ ز سے بھی نوازا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -