مطالبات کی منظوری کے لئے اسلام آباد میں دھرنا ضرور ہوگا،ٹیچرز یونین

مطالبات کی منظوری کے لئے اسلام آباد میں دھرنا ضرور ہوگا،ٹیچرز یونین

  

 لاہور(ایجوکیشن رپورٹر ) مطالبات کی منظوری کے لئے اسلام آباد میں دھرنا ضرور ہوگا۔پنجاب ٹیچرز یونین کے چیف آرگنائیزر اللہ رکھا گجر، مرکزی صدراللہ بخش قیصر،سیکریٹری جنرل چوہدری تاج حیدر،اظہر عباس ،رانا عبدالستار، محمد افضل ساجد،اظہر بہزاد،طارق قریشی ،منیر سندھوو دیگر راہنماوٗں نے اساتذہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ اورملازمین مہنگائی کے اس دور میں اپنی بُنیادی ضروریات بھی پوری نہیں کر سکتے ہیں۔ملازمین کو ہر سال چند فیصد مہنگائی الاوئنس دے کر ٹرخا دیا جاتا ہے جو کئی سالوں سے105% ہو چُکا ہے ۔مہنگائی الاوئنسز بُنیادی تنخواہ میں ضم نہ ہونے کی وجہ سے ریٹائیرمنٹ لینے والے ملازمین اور اساتذہ کو گریچوایٹی اور پنشن 105کم مل رہی ہے جو انسانی بُنیادی حقوق کی سرا سر خلاف ورزی ہے ۔ ہمارا وزیر اعظم پاکستان سے پُر زور مطالبہ ہے کہ تمام ملنے والے مہنگائی الاوئنسز کو ضم کر کے پے سکیل ریوائیز کیے جائیں کیونکہ پے سکیلز ریوائیز کرنا حکومت کا اُصولی فرض ہے ۔     کئی سالوں سے منجمد ہاوس رینٹ، میڈیکل ،سواری الاونسز کی بحالی اور موجودہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کروانے، گروپ انشورنس کے میچورٹی کلیم کے حصول ،اساتذہ کی تنخواہوں سے ٹیکس کی کٹوتی کے خاتمہ ،تعلیم کے لیے جی ڈی پی کاکم از کم 4% مختص کرانے ،ملک میں یکساں نصاب و نظام تعلیم رائج کرانے سمیت چارٹر آف ڈیمانڈ منظور کرانے کے لیئے پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب اور آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن3۔جون2015 کو اسلام آباداحتجاجی مظاہرہ کریں گے اور مطالبات تسلیم ہونے تک دھرنا دیں گے۔