پٹرول قیمتوں میں بلا جواز اضافہ عوام کیلئے حکومت کا پری بجٹ" تحفہ" ہے،علیم خان

پٹرول قیمتوں میں بلا جواز اضافہ عوام کیلئے حکومت کا پری بجٹ" تحفہ" ہے،علیم ...

  

 لاہور (نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف ضلع لاہور کے سابق صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ عوام کیلئے حکومت کی طرف سے پری بجٹ" تحفہ" ہے جس سے مہنگائی کی نئی لہر جنم لے گی اور بالخصوص رمضان المبارک کی آمد سے قبل لوگوں کی پریشانیوں میں مزیداضافے کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں بدستور کمی واقع ہورہی ہے اس پر تحریک انصاف احتجاج کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اس اضافے کو فوری طورپر واپس لیاجائے۔    عبدالعلیم خان نے لاہور آفس میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو پہلے ہی نامساعد حالات کا سامنا ہے ۔وزیر خزانہ نے غیر حقیقی اعداد و شمار کے ذریعے مصنوعی بہتری پیدا کر رکھی ہے جبکہ زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔    ان حالات میں تیل کی قیمتوں میں اضافے جیسے اقدام معیشت کا مزید بیڑہ غرق کردینگے۔دریں اثناء عبدالعلیم خان نے کامونکی میں دن دیہاڑے حکومتی ایم پی اے رانا شمشاد احمد خان کے بیٹے اور ساتھی سمیت قتل کو گورننس کے دعوؤں پر سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی امن وامان قائم رکھنے کی کھلی ناکامی ہے اس سے بخوبی اندازہ ہو تا ہے کہ عام آدمی کس قدر محفوظ ہے ۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ درحقیقت پولیس اپنے سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مکمل ناکام ہوچکی ہے جس کے باعث اراکین اسمبلی تک محفوظ نہیں اور عوام کا تو اللہ ہی حافظ ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -