ایکسائز ملازمین کا برسوں سے ایک ہی سیٹ پر قبضہ

ایکسائز ملازمین کا برسوں سے ایک ہی سیٹ پر قبضہ

  

 لاہور (شہباز اکمل جندران)انویسٹی گیشن سیل )ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ میں عرصہ دراز سے ایک ہی جگہ تعینات ملازمین نے محکمے کو یرغمال بنا لیاباربار کوششوں کے باوجود ایسے ملازمین کو تبدیل نہ کیا جاسکا۔ معلوم ہواہے کہ سروس رولز اورحکومتی احکامات کے تحت کسی بھی سرکاری افسر کو ایک ہی جگہ پر زیادہ سے زیادہ تین برس تک تعینات رہنے کی اجازت دی جاتی ہے لیکن ایکسائز اینڈٹیکسیشن لاہور کے ڈائریکٹوریٹ ریجن اے اور ڈائریکٹوریٹ ریجن بی میں پراپرٹی ٹیکس کے مختلف زونز اور سرکلوں میں تعینات 50سے زائد ایسے ای ٹی اوز، اے ای ٹی اوز اور انسپکٹر ہیں جو کئی کئی برسوں سے ایک ہی سیٹ پر تعینات ہیں اور ان میں سے بعض تو ایسے ہیں جو عشروں سے ایک جگہ پر پہلے تو کلرک کے طورپر اور بعدازاں ترقی پانے پر بطور انسپکٹر و اے ای ٹی او فرائض انجام دے رہے ہیں ای ٹی اوزعرصہ دراز سے ایک ہی جگہ بیٹھے ملازمین کی نہ تو نشاندہی کرتے ہیں اور نہ ہی ان کی ٹرانسفر کے لیے پر پوزل بناتے ہیں۔ لاہور ریجن اے کے پراپرٹی ٹیکس زون 11میں تعینات اے ای ٹی او دانش محمود زون 12میں اے ای ٹی او ذوالفقار بٹ کی تعیناتی کو تین برس سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔ لاہور ریجن اے میں عرصہ دراز سے ایک ہی سرکل میں تعینات انسپکٹروں میں پراپرٹی ٹیکس سرکل کوٹلی پیر عبدالرحمن کا رانا ذولفقار علی 10برسوں سے، بادامی باغ کا عباس خان 8برسوں سے، فیض باغ کا محمد مبشر علی ،گڑھی شاہو کا انصر غزالی 5، محمد نگر کا نجم الدین 6،نولکھا کا رانا افتخار احمد 3برسوں سے اسی سرکل میں تعینات ہے۔ چند ہفتوں کے لیے تبدیل ہونے کے بعد رانا افتخار نے اپنی ٹرانسفر دوبارہ نولکھا سرکلا میں کروالی ہے۔اسی طرح پراپرٹی ٹیکس سرکل رحمن پورہ کا احمد جہانزیب 5برسوں سے ، لارنس روڈ کا شجاع الدین4، پرانی انارکلی کا چوہدری محمد حنیف 10،کریم پارک ون کا شیخ منیر احمد 5، جیا موسیٰ کا ڈاکٹر محمد اقبال 5، پروفیشنل ٹیکس سرکل کا مشرف سعید 3برسوں سے ایک ہی جگہ تعینات ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ ایکسائز اینڈٹیکسیشن لاہور ریجن بی کی بات کریں تو ای ٹی او چوہدری عبدالعزیز عرصہ دراز سے لاہور میں ہی اور صرف پراپرٹی ٹیکس میں تعینات ہیں۔اے ای ٹی او چوہدری لیاقت علی ،شبیر نوید ، اکرام نیازی ،نوراللہ عرصہ دراز سے ایک ہی سرکل میں انسپکٹر رہے اور بطور اے ای ٹی او ترقی پانے کے بعد اسی سرکل میں تعینات ہوئے ۔پراپرٹی ٹیکس سرکل شادمان میں تعینات انسپکٹر الطاف الرحمن پہلے تو کئی برسوں تک بطورکلرک اور پھر ترقی پانے کے بعد اسی سرکل میں گزشتہ 7برسوں سے کام کررہا ہے۔ الطاف الرحمن کا موقف ہے کہ اعلیٰ افسر اسے تبدیل نہیں کررہے اسی طرح گلشن راوی ون میں تعینات انسپکٹر ملک محمد یوسف 10برسوں سے ۔ علامہ اقبال ٹاؤن سات میں تعینات زاہد حسین 6، ملتان روڈ سرکل میں تعینات شیخ محمد رمضان 8، ویلنشیا ٹاؤن میں فیاض احمد وائیں 3، رائیونڈ روڈ میں تعینات محمد عاصم 6برسوں سے اورپراپرٹی ٹیکس سرکل کینال بینک میں تعینات انسپکٹر محمد اشرف شاکر 4برسوں سے ایک ہی جگہ تعینات ہیں۔گلشن راوی ون میں تعینات انسپکٹر ملک محمد یوسف کا کہناتھا کہ وہ فالج کے مریض ہیں۔ اور انہوں نے درخواست کی تھی کہ انہیں اسی سرکل میں تعینات رکھا جائے کیونکہ مذکورہ سرکل کے تمام ٹیکس دہندگان کی تفصیلات ان کی انگلیوں پر ہیں۔محکمے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز سے ایک ہی جگہ تعینات ملازمین کو 30جون کے بعد تبدیل کردیا جائیگا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -