ترک فضائی کمپنیوں کی اندرون ملک پروازیں جزوی طور پر بحال،بین الاقوامی پروازیں کب اڑان بھریں گی؟جانئے
استنبول(ڈیلی پاکستان آن لائن) ترکی کی فضائی کمپنیوں نے کوویڈ-19 کی وبا کے باعث دوماہ کی بندش کے بعد محدود تعداد میں پروازوں کے ساتھ اندرون ملک آپریشن دوبارہ شروع کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک فضائی کمپنیوں نے کورونا وائرس کی وجہ سےدوماہ کی بندش کے بعد محدود تعداد میں پروازوں کے ساتھ اندرون ملک آپریشن دوبارہ شروع کردیا ہے،قومی پرچم بردار ترکش ایئر لائنز (ٹی ایچ وائی) اور پیگاسس ایئر لائنزنے فی الحال صرف ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول سے چند بڑے شہروں کے لئے پروازیں دوبارہ شروع کی ہیں۔ٹی ایچ وائی کا پہلا طیارہ استنبول ہوائی اڈے سے دارالحکومت انقرہ کے لئے جبکہ پیگاسس ایئرلائنز کا طیارہ استنبول کے صبیحہ گوکن ایئرپورٹ سے مغربی صوبہ ازمیر کے لئےروانہ ہوا۔ترکش ایئر لائنز 4جون سے اندرون ملک دوسرے شہروں کے لئے اور 10 جون کو بین الاقوامی پروازیں شروع کرے گی۔پیگاسس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمپنی جلد ہی اپنی ملکی اور بین الاقوامی پروازیں شروع کردے گی تاہم اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اعلان کیا تھا کوویڈ-19 کے کیسز میں کمی کے رجحان کے باعث ترکی یکم جون سے معمول کی زندگی کے نئے دور میں داخل ہوگا۔دوسری طرف وزارت صحت کےاعلان کردہ اعدادوشمار کے مطابق ترکی میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 4ہزار 540 اور تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1لاکھ 63 ہزار942 تھی۔