حضرت عمر بن عبدالعزیز کے مزار پر حملہ سازش ہے،عاکف سعید

حضرت عمر بن عبدالعزیز کے مزار پر حملہ سازش ہے،عاکف سعید

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے کہا ہے کہ امیرالمومنین حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ اور ان کی اہلیہ محترمہ کے مزارات کی بے حرمتی اُمت مسلمہ میں فساد اور انتشار پیدا کرنے کی مذموم سازش ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسا قبیح فعل یقینی طور پر انتہائی قابل مذمت ہے۔

اور اس پر اُمت مسلمہ کی خاموشی تشویشناک ہے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں ایسے واقعات کی آڑ میں اُمت مسلمہ میں مزید انتشار پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتی ہیں اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر عالمی طاقتوں کے ایجنڈے کی تکمیل میں ان کے آلہ کار ہیں اور دشمنانِ اسلام کے ایجنٹ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کی خلافت کا اڑھائی سالہ دور اُمت مسلمہ کا عہد زریں تھا جو یقینا دین اسلام کی برکات اور عوامی خوشحالی کے حوالے سے خلافت راشدہ کے بعد ایک یادگار عہد تھا۔ انھوں نے کہا کہ اُمت مسلمہ کو متحد ہو کر ایسے تخریبی واقعات کی روک تھام کے لیے متفقہ لائحہ عمل بنانا چاہیے۔ خاص طور پر او آئی سی، عرب لیگ اور دیگر تمام اسلامی عالمی فورمز کو اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے اور حکومتِ شام کو مجبور کرنا چاہیے کہ جو بھی عناصر اس افسوسناک واقعہ میں ملوث ہیں انھیں فی الفور گرفتار کر کے عبرتناک سزا دے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -