ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے ملتوی شدہ ضمنی امتحانات کا آغاز

ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے ملتوی شدہ ضمنی امتحانات کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور (جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے ملتوی شدہ ضمنی انتخابات کا آغاز ہوگیا۔ پیر کے روز فائنل پروفیشنل ایم بی بی ایس سپلیمنٹری امتحانات میں میڈیسن کا پہلا پرچہ ہوا جس میں پنجاب اور آزاد جموں کشمیر کے 37 میڈیکل کالجز سے 275 امیدواروں نے شرکت کی۔ یہ امتحانات کورونا کے باعث اس سال مارچ میں ملتوی کردیئے گئے تھے۔ امتحانات کے دوران کورونا کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدآمد یقینی بنایا گیا۔ یو ایچ ایس کی جانب سے تمام امیدواروں کو لازمی فیس ماسک پہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ امیدوار صبح ساڑھے 7بجے سے اپنے اپنے امتحانی مراکز پر پہنچنا شروع ہوگئے۔ اس امتحان کیلئے یو ایچ ایس کی جانب سے پنجاب اور آزادکشمیر میں 10امتحانی مراکز بنائے گئے تھے۔ لاہور میں امتحانی مرکز یو ایچ ایس میں بنایا گیا جہاں 131امیدوارں نے امتحان دیا۔ ملتان میں 35، بہاولپور7، رحیم یار خان 6، ساہیوال 5، فیصل آباد41، سرگودھا 12، سیالکوٹ 7، میر پور آزادکشمیر3، راولپنڈی 25 اور مظفر آباد میں 3امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔


امتحان شروع ہونے سے قبل داخلی راستوں پر امیدواروں کی تھرمل سکریننگ کی گئی۔ مزید برآں امیدواروں کے گزرنے کیلئے ڈس انفیکٹنٹ ٹنل بھی لگائی گئی۔ کمرہ امتحان میں سماجی دوری کا خیال رکھتے ہوئے امیدواروں کی نشستوں کے درمیان 2میٹر سے زائد کا فاصلہ رکھا گیا۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے یونیورسٹی کے امتحانی سنٹر کا دورہ کیا۔