رواں سال کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 7ہزار 179افراد کو گرفتار کیا گیا

رواں سال کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 7ہزار 179افراد کو گرفتار کیا گیا

  

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے رواں سال 5ماہ کے دوران پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 7179 ملزمان کوگرفتارکرکے6911مقدمات درج کئے۔کارروائیوں کے دوران مجموعی طور 83ہزار108 پتنگیں،1411چرخیاں،4558 پنی ڈور اور1722 ڈورگچھیاں برآمدکی گئیں۔پتنگ ساز فیکٹریوں پر چھاپے کے دوران متعدد ملزمان کو حراست میں لیا گیا جبکہ شہر بھر میں کارروائی کے دوران پتنگ فروش کو بھی گرفتار کیا گیا۔لاہور پولیس نے پتنگ ساز فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 14ہزار سے زائد گڈی کاغذ، 300سے زائد بانس، 05لاکھ سے زائد پیپر سٹیکر و دیگر پتنگ سازی میں استعمال ہونے والا سامان قبضہ میں لیا۔ سٹی ڈویڑن سے1545، کینٹ ڈویڑن1917،سول لائنز ڈویڑن814،اقبال ٹاؤن ڈویڑن954، صدر ڈویڑن814اور ماڈل ٹاؤن ڈویڑن سے1135 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہوررائے بابر سعید نے کہا ہے کہ پولیس افسران پتنگ بازوں، مینوفیکچرز اور پتنگ فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں۔

گنجان علاقوں میں ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے پتنگ بازوں کو گرفت میں لایا جا رہا ہے۔ والدین بھی پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کو روکنے اور اپنے بچوں کو اس سے بازرکھنے میں لاہور پولیس کا ساتھ دیں تاکہ پتنگ بازی جیسے خونی کھیل سے جانوں کے ضیا ع سے بچا جا سکے۔رائے بابر سعید نے کہا کہ پتنگ بازی ایکٹ پر عملدرآمد نہ کروانے والے ایس ایچ اوز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہر بھر میں پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے لاہور پولیس بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ مساجد میں اعلانات، سوشل میڈیا، اخبارات اور ٹی وی چینلزپر پیغامات کے ذریعے بھی شہریوں کو اس خونی کھیل سے باز رہنے کیلئے مسلسل آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔

مزید :

علاقائی -