بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترجیحا ت کا تعین کرینگے: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آئندہ مالی سال2020-21 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حقیقت پسندانہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترجیحات کا تعین کیا جائے گا،کورونا وباء کے باعث شعبہ صحت کیلئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے جبکہ تعلیم،انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ، پینے کے صاف پانی او رسماجی شعبوں کی ترقی کو ترجیح دیں گے اورپوری کوشش ہے کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے مالی سال 2020-21 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21 ء سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21 ء اورسیکرٹری خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پروزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجٹ میں عام آدمی کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور بجٹ میں اعدادوشمار کی جادوگری کی بجائے حقیقی صورتحال سامنے رکھی جائے،صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے منفرد انداز میں نئے اقدامات متعارف کرائے جائیں۔وزیراعلیٰ نے کورونا وبا کے باعث محکموں کو غیرضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ بجٹ میں کفایت شعاری، بچت اور فنانشل ڈسپلن پر پورا فوکس ہونا چاہیے جبکہ پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ منصوبوں کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے لہٰذا سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پراجیکٹس پر توجہ دی جائے۔علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مارکیٹوں اور بازاروں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ ایس اوپیزپر عملدرآمد کی موثر مانیٹرنگ کی جائے کیونکہ کورونا وباء کا پھیلاؤروکنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد بے حد ضروری ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام سے ایک بار پھر اپیل ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر من وعن عمل کریں۔انہوں نے کہاکہ روز گار جاری رکھنا بھی ضروری ہے اور ایس او پیز پر عملدرآمد بھی لہٰذاسب کو احتیاط اورذمہ داری کامظاہرہ کرناہوگا جبکہ تاجر برادری بھی جاری کردہ ہدایات پر عمل کرے۔انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ علاج و معالجے کیلئے اقدامات پر کاربند ہے جبکہ سماجی فاصلے قائم رکھنے کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے میں ہی تحفظ اور حفاظت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے لہٰذاعوام کو مزید ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گاکیونکہ جتنی احتیاط کریں گے اتنا ہی شہری محفوظ رہیں گے۔
سردارعثمان بزدار