پلاٹ کیس،میر شکیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 جون تک توسیع

پلاٹ کیس،میر شکیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 جون تک توسیع

  

لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں ملوث جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 جون تک توسیع کر دی،احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے آئندہ پیشی پر میر شکیل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیاہے۔گزشتہ روز میر شکیل الرحمن کو کورونا وائرس خدشات کے باعث عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا،نیب کے سپیشل پراسکیوٹر عاصم ممتاز نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ محکمہ داخلہ انڈر ٹرائل مقدمات کی کارروائی معطل نہیں کر سکتا، جن مقدمات کا ابھی ٹرائل شروع نہیں ہوا ان کی حد تک کارروائی معطل کی جا سکتی ہے، دوران سماعت فاضل جج نے جیل افسر سے استفسار کیا کہ میر شکیل الرحمن کہاں ہے؟پولیس افسر نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث ملزمان کو عدالتوں میں پیش نہیں کررہے،ہوم ڈیپارٹمنٹ کے احکامات کے مطابق عمل کررہے ہیں جس پر نیب کے پراسکیوٹر نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے باقاعدہ جوڈیشل ورک کی اجازت دے دی ہے،جیل حکام کو باقاعدہ احکامات کی روشنی پر عمل کرنا چاہیے، وکلاء نے کہا کہ سے جیل میں ملزم سے ملاقات بھی نہیں کروائی جا رہی جو ایس او پیز کے خلاف ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر میر شکیل الرحمن کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 15 جون تک ملتوی کردی۔

میر شکیل ریمانڈ

مزید :

صفحہ آخر -