بھارت میں کورونا وائرس صدر ٹرمپ کیوجہ سے پھیلا، رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کا الزام
نئی دہلی(آئی این پی) بھارتی رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کا کہنا ہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے پھیلا ؤکے ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں جنہوں نے رواں برس بھارت کا دورہ کیا تھا، ٹرمپ کی گجرات آمد پر لاکھوں افراد نے استقبال کیا جہاں سے کورونا پھیلا۔بھارتی میڈیا کے مطابق شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گجرات آمد کے موقع پر جو پرہجوم استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا اور جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، وہیں سے کرونا وائرس پھیلا ہے۔مراٹھی اخبار میں لکھے گئے اپنے کالم میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دوست ٹرمپ کے لیے منعقدہ اس استقبالیہ تقریب کی وجہ سے گجرات میں کرونا وائرس پھیلا ہے۔خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے رواں برس 24 اور 25 فروری کو بھارت کا 2 روزہ دورہ کیا تھا۔ دورے کے دوران ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ایک بڑے سٹیڈیم میں ان کے لیے استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس میں لاکھوں لوگوں کو جمع کیا گیا تھا اور نمستے ٹرمپ کے نعرے لگوائے گئے تھے۔اس جلسے سے وزیر اعظم نریندر مودی اور ٹرمپ نے خطاب کیا تھا۔سنجے راوت نے لکھا کہ اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ امریکہ سے ٹرمپ کے ساتھ آنے والے کچھ مندوبین نے ممبئی اور دہلی کا دورہ کیا تھا اور انہی کی وجہ سے گجرات میں کرونا وائرس تیزی سے پھیلا۔مہاراشٹر میں صدر راج کے نفاذ کا مطالبہ کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سنجے نے لکھا کہ کرونا وائرس کے پھیلا ؤپر تشویش ملک گیر سطح پر ہونی چاہیے۔ مہاراشٹر میں وبا کے پھیلنے پر صدر راج کے نفاذ کا مطالبہ کرنے والے اس وقت بھی سیاست کر رہے ہیں۔
سنجے راوت