حکومت نے کورونا کی عالمی وبا میں اوورسیز پاکستانیوں کو تنہا چھو ڑ دیا: سرا ج الحق

  حکومت نے کورونا کی عالمی وبا میں اوورسیز پاکستانیوں کو تنہا چھو ڑ دیا: سرا ...

  

لاہور(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا کی عالمی وبامیں اوورسیز پاکستانیوں کو تنہا چھوڑ دیا ہے،سعودی عرب اور امارات میں پاکستانیوں کا کوئی پرسان حال نہیں اور پاکستانی سفارتخانے اپنے شہریوں سے کوئی تعاون کرنے کو تیار نہیں،مختلف ممالک سے ایک لاکھ تیس ہزار پاکستانیوں نے واپس آنے کی درخواستیں دے رکھی ہیں،پی آئی اے نے جو شیڈول دیا ہے اس کے مطابق 10جون تک صرف تیس ہزار لوگوں کو واپس لایا جائے گا،شرم کی بات ہے کہ پی آئی اے ٹکٹ کا چار پانچ گنا زیادہ وصول کررہا ہے،کمیشن مافیا مزدوروں کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھا کر اپنی جیبیں بھر رہا ہے مگر حکومت اندھی گونگی بہری بنی ہوئی ہے۔اوورسیز پاکستانیوں نے مشکل کی ہر گھڑی میں قوم کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی مگر ان پر مصیبت آئی ہے تو حکومت نے آنکھیں پھیر لی ہیں۔کورونا متاثرین کی مدد کے لیے مختص کیا گیا 12سو ارب کہاں خرچ ہوا خود حکمرانوں کو بھی معلوم نہیں۔اس 12سو ارب میں اوورسیز پاکستانیو ں اور ٹڈی دل سے متاثر ہ کسانوں کا بھی حصہ ہونا چاہیے۔ حکومت اوورسیز پاکستانیوں سے قرنطینہ میں رکھنے کا ایک رات کا تین ہزار اور کھانے پینے کی مد میں ایک دن کا پندرہ سو وصول کررہی ہے۔ جو ظلم کی انتہا ہے۔حکومت اورسیزپاکستانیوں کو وطن لائے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کراچی،کوئٹہ،لاہور،پشاور اور اسلام آباد کے ائیرپورٹس پر فری قرنطینہ سینٹر بنا کر اپنے بھائیوں کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ جس کا ٹیسٹ پوزیٹو آئے حکومت کا رویہ بھی اس کے ساتھ پازیٹو ہونا چاہیے مگر حکومت ان کے ساتھ دہشتگردوں جیسا رویہ اختیار کرلیتی ہے۔ آئندہ بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات ختم کر کے تعلیم اور صحت پر زیادہ پیسہ خرچ کیا جائے۔ ٹائیگر فورس کا بڑا شور تھا، مگر وہ کہیں نظر نہیں آئی۔ٹائیگر فورس کوٹڈی دل کے خلاف استعمال کیا جائے۔ شور مچانے اور ڈھول بجانے سے ٹڈی دل بھاگ جاتی ہے۔ ٹائیگرز کو ڈھول بجانے اور شور مچانے پر مامور کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل امیر العظیم،سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امور خارجہ کے قائم مقام ڈائریکٹر عبدالقدوس منہاس بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس وقت اوورسیز پاکستانیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ایک کروڑپاکستانی ملک سے باہر اور حکومت کی توجہ کے مستحق ہیں۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -