اسلام آباد کے شہری کا حسن ایسوسی ایٹس پر رقم ہڑپ کرنے کا الزام،حق دلوانے کی اپیل
اسلام آباد (آئی این پی) اسلا م آباد کے علاقہ چک شہزاد کے رہائشی محمد نسیم اعوان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، وزیراداخلہ سید اعجاز شاہ، گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین نیب کے نام اپیل کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ حسن ایسوسی ایٹس لاہور کا مالک علی اسحاق اس کے حق حلال اور محنت شاقہ کے طے شدہ معاوضہ کی باقی ماندہ رقم مبلغ تینتالیس لاکھ روپے کی ادائیگی میں مسلسل لیت ولعل سے کام لیتے ہوئے رقم ہضم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے،میری رقم واپس دلانے میں مدد کی جائے۔تفصیلات کے مطابق چک شہزاد اسلام آبادمیں گارڈن ایکسپرٹس کے نام سے نرسری اور لینڈسکیپنگ کا ذاتی کاروبار کرنیوالے ایم نسیم اعوان نے کوٹیشن کی بنیاد پر حسن ایسوسی ایٹس لاہور سے 2015ء میں باہمی رضامندی سے ایک کروڑ انیس لاکھ روپے کے کام کا ٹھیکہ حاصل کیا۔ نسیم اعوان کے مطابق یہ ٹھیکہ سوئے اصل روڈ لاہور پر واقع اراضی برائے فارم ہاؤس کی لینڈسکیپنگ کا تھا جو نسیم اعوان نے حسن ایسوسی ایٹس کے مالک علی اسحاق کی ہدایات کے مطابق ایمانداری و جانفشانی سے مقررہ مدت کے اندر ایک شاہکار کے طورپر پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ نسیم اعوان کے مطابق علی اسحاق نے اصل طے شدہ کام کے علاوہ باہمی رضامندی سے اضافی کام بھی کروایاجس کا معاوضہ چھ لاکھ روپے طے ہوا تاہم دو لاکھ کی کٹوتی کے بعد فائنل بل ایک کروڑ 23لاکھ کا بنا،جس میں سے علی اسحاق نے اسی لاکھ کی ادائیگی کردی لیکن باقی رقم مبلغ تینتالیس لاکھ کی ادائیگی کیلئے عرصہ پانچ برسوں سے لیت ولعل سے کام لے رہا ہے۔نسیم اعوان نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ فارم ہاؤس کا اصل مالک علی اسحاق کا قریبی رشتہ دار اور ملک کی بہت بااثر کاروباری شخصیت ہے۔ نسیم اعوان نے کہاکہ معاوضہ کی اس رقم کی عدم ادائیگی کے باعث اس کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے جوکہ مالی بدحالی کیساتھ ساتھ اس کیلئے ذہنی دباؤ اور سخت پریشانی کا باعث ہے۔ اپیل کرتا ہے کہ اس کی رقم کی ادائیگی کیلئے ملکی مقتدرشخصیات مداخلت کریں۔
شہری اپیل