پانچ دن کا روبار، ہفتہ ، اتوا ر مکمل لاک ڈاؤن چند مخصوص شعبوں کے سوا سب کچھ کھول دینگے ایس او پیز پر عمل کرنا ہو گا، 13سے 15کروڑ لو گ متاثر ہوئے: عمران خان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس لوگوں کو مزید پیسے دینے کیلئے وسائل نہیں، ہماری برآمدات گر چکی ہیں۔ اب صرف چند مخصوص شعبے بند رہیں گے، باقی سب کھول دیئے جائیں گے۔وزیراعظم عمران خان کا قوم کو کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے دن کہا تھا کہ وائرس پھیلے گا اور اموات میں اضافہ ہوگا۔ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ ایس او پیز پر عمل کریں۔ عوام جتنا احتیاط کرے گی، اتنا ہی بہتر ہوگا۔ جب تک ویکسین نہیں آتی، ہمیں کورونا کے ساتھ رہنا ہوگا۔ لاک ڈاؤن علاج نہیں بلکہ پھیلاؤ کو کم کرتا ہے۔ ہمیں ایک ذمہ دار قوم بننا پڑے گا۔ اگر وائرس آہستہ آہستہ پھیلے گا تو ہسپتالوں پر پریشر کم پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا تھا کہ غریب طبقے کا خیال رکھنا ہے۔ بھارت میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریبوں کا برا حال ہے، وہاں لاک ڈاؤن کی وجہ سے غربت اور وائرس پھیلا اور اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بد قسمتی سے جس طرح لاک ڈاؤن ہوا، اس نے نچلے طبقے کو بڑی تکلیف پہنچائی۔ لاک ڈاؤن اس طرح کا نہیں ہوا، جس طرح میں چاہتا تھا۔ امیر لوگ شور مچا رہے تھے کہ لاک ڈاؤن کرو لیکن دہاڑی دار طبقے کا رویہ مختلف تھا۔عمران خان نے بتایا کہ تحقیق پر پتا چلا کہ ملک میں ڈھائی کروڑ افراد دہاڑی دار ہیں۔ میرے ذہن میں تھا کہ ووہان اور یورپ کی طرح لاک ڈاؤن کر دیا تو ہمارے ڈیلی ویجز کا کیا بنے گا؟ یہ وہ لوگ جن کی محنت سے ملک چلتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں ایک لاکھ لوگ مر چکے ہیں لیکن وہاں کی حکومت نے بھی فیصلہ کیا کہ مکمل لاک ڈاؤن کیا تو معیشت بیٹھ جائے گی۔ اس کے علاوہ دیگر امیر ترین ملکوں نے بھی لاک ڈاؤن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے معاشی حالات پہلے ہی اچھے نہیں تھے لیکن کورونا وائرس وبا کے باعث دنیا بھر میں سرمایہ کاری اور ہماری برآمدات گر چکی ہیں۔ پاکستان کے 13 سے 15 کروڑ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اب حکومت کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ لوگوں کو مزید پیسے دے سکیں۔ چند مخصوص شعبے بند رہیں گے، باقی سب ایس او پیز کے تحت کھول دیئے جائیں گے۔ ٹورازم کو کھولنا چاہیے۔ اس سلسلے میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا حکومت ایس اوپیز طے کریں گے۔اس سے قبل وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا اجلاس میں ہفتے میں دو دن مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن رہے گا تاہم 5 دن کاروبار کی اجازت ہو گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کاروباری مراکز شام 7 بجے تک کھل سکیں گے جبکہ وزارت ریلوے 40 ٹرینیں چلا سکے گی۔ وزیراعظم نے قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں ہونے والے ان اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔اس کے علاوہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا عمل بھی تیز کرنے کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بلا تاخیر اوورسیز پاکستانیوں کی واپسی یقینی بنائی جائے گی۔
عمران خان
لاہورکراچی، اسلام آباد (جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 72 ہزار 460 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 60 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 543 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2964 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 26 ہزار 240، سندھ میں 28 ہزار 245، خیبر پختونخوا میں 10 ہزار 27، بلوچستان میں 4 ہزار 393، گلگت بلتستان میں 711، اسلام آباد میں 2 ہزار 589 جبکہ آزاد کشمیر میں 255 کیسز رپورٹ ہوچکے۔ملک بھر میں اب تک 5 لاکھ 61 ہزار 136 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 ہزار 398 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 26 ہزار 83 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 60 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 543 ہوگئی۔ سندھ میں 481، پنجاب میں 497، خیبر پختونخوا میں 473، گلگت بلتستان میں 11، بلوچستان میں 47 اور اسلام آباد میں 28 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی سمری میں لاہور میں کورونا کے 6 لاکھ 70 ہزار سے زائد کیسز کا اندازہ لگایا ہے، سمارٹ سیمپلنگ کے دوران ٹیسٹوں میں 6 فیصد کا رزلٹ پازیٹو رہا، ان کیسز میں علامات نہیں، یہ انفیکشن اور لوکل ٹرانسمیشن کا ذریعہ بنے۔لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ محکمہ صحت کی سمری وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کر دی گئی، جس میں لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ کے نتائج اور سفارشات پیش کی گئیں۔ سیکرٹری سپشلائزڈ اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی جانب سے سمری اور سفارشات بھجوائی گئیں۔لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ کے دوران کئے جانے والے ٹیسٹوں میں 6 فیصد کا رزلٹ پازیٹو رہا، لاہور کے 6 ٹاونز میں پازیٹو ٹیسٹ کی شرح 14 اعشاریہ 7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ سمارٹ سیمپلنگ مختلف ہاٹ سپاٹس، ورک سٹیشنز اور رہائشی علاقوں سے کی گئی۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ جون کے وسط تک کورونا کیسز ایک لاکھ سے تجاوز کر جانے کا امکان ہے۔حکومتی اندازے کے مطابق جون کے وسط تک خطرناک وائرس 2500 مزید جانیں نگل سکتا ہے، فی الوقت ایس او پیز پر عملدرآمد کے سوا حکومت کے پاس اور کوئی آپشن موجود نہیں۔
پاکستان ہلاکتیں
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)پوری دنیا میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد61لاکھ70ہزار474تک پہنچ گئی ہے۔ امریکہ 17لاکھ90ہزار191 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ برازیل5لاکھ 14ہزار 849مصدقہ کسیز کے ساتھ دوسرے، روس 4لاکھ 5ہزار 843 مصدقہ کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پرہے۔برطانیہ میں 2لاکھ 76ہزار156 مصدقہ کیسز ہیں۔ سپین میں 2لاکھ39ہزار479 مصدقہ کیسز اور اٹلی میں 2لاکھ32ہزار997مصدقہ کیسز جبکہ بھارت میں مصدقہ کیسز کی تعداد1لاکھ 90ہزار 622 تک پہنچ گئی ہے۔فرانس میں مصدقہ کیسز کی تعداد1لاکھ89ہزار9 اور جرمنی میں مصدقہ کیسز کی تعداد 1لاکھ83ہزار410 پہنچ گئی ہے۔چین میں مصدقہ کیسز کی تعداد84ہزار588ہوگئی ہے۔
عالمی ہلاکتیں