عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائن کے تحت کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں:اجمل وزیر

عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائن کے تحت کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں:اجمل وزیر

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق کورونا کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور چاہے وہ اموات ہوں یا مثبت کیسز پورے اعداد وشمار شفافیت کے ساتھ عوام کے سامنے پیش کئے جارہے ہیں تاکہ عوام حقیقی صورتحال سے باخبر ہوں، خیبر پختونخوا میں ریکوری ریٹ بھی باقی صوبوں کی نسبت زیادہ ہے جو 31 فیصد ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ لاک ڈاون سے پہلے تقریبا صرف دو مہینوں کے دوران مختلف خلیجی ممالک سے 81 ہزار سے زائد مسافر باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے تھے۔اسی طرح تفتان اور طورخم بارڈر کے ذریعے بھی تارکین وطن اپنے ملک لوٹے ہیں جنہیں مختلف قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا تھا۔ اجمل وزیر نے کہا کہ کورونا وباء پھیلنے کے فوراً بعد ہماری ٹیسٹنگ استعداد صرف 20 تھی جو اب 2200 سے 2300 تک بڑھا دی گئی ہے، اور یہ تعداد مزید بھی بڑھائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ترقیافتہ ممالک کا ہیلتھ سسٹم کورونا کے خلاف بیٹھ گیا ہے لیکن ہمارے ڈاکٹر اور طبی عملہ، الحمداللہ محدود وسائل میں کورونا کے خلاف کامیابی کیساتھ برسرپیکار ہیں۔ ہمیں اپنے ڈاکٹرز، طبی عملے سمیت تمام فرنٹ لائینرز پر فخر ہے اور پوری قوم انکو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ گزشتہ دنوں بھی ہمارے دو مسیحا ڈاکٹر اورنگزیب اور ڈاکٹر اعظم نے قوم پر اپنی جان نچھاور کردی، کورونا کے خلاف ڈاکٹرز اور طبی عملے کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کورونا کے خلاف تمام صوبوں کو ساتھ ملا کر لیڈ کررہے ہیں۔ قومی رابطہ کمیٹی میں وزیراعظم عمران خان تمام صوبوں سے مشاورت کرکے آگے بڑھ رہے ہیں، مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں پوری صوبائی حکومت کورونا سے نبردآزما ہے،اور وہ خود ہسپتالوں اورقرنطینہ مراکز کے دورے کررہے ہیں، وزیراعلی محمود خان کو اپنی جان سے زیادہ اپنے عوام کی جانوں کی فکر ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے وزراء اور چیف سیکرٹری فرنٹ لائن پر کام کرتے ہوئے خود کورونا کا شکار ہوئے ہیں، اورسیز پاکستانیوں کے بارے میں اجمل وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کو انکی فکر نہیں کرنی چاہیے وہ وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہیں، اجمل وزیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں ان کو مشکل کی اس گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ان کے تمام مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا گزشتہ دنوں میں نے وزیرِ اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پشاور ائیر پورٹ کا دورہ کیا تھا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں باچا خان انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے اوور سیز پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔صوبے کے ہسپتالوں میں فی الحال وینٹی لیٹرز اور بیڈز کی کوئی کمی نہیں ہے جس پر میں نے تفصیلی بات کی تھی۔ اپوزیشن بے جا تنقید سے اجتناب کرے موجودہ وقت سیاست کا نہیں ہے بلکہ ملکر کورونا کو شکست دینے کا وقت ہے۔ اجمل وزیر نے عوام سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں فی الحال کورونا سے اپنے اور اپنے پیاروں کی جان بچانے کا واحد حل احتیاطی تدابیر اپنانا ہی ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -