شہباز شریف کورونا کا رونا رو کر نیب پیشیوں سے فرار چاہتے ہیں،فیاض الحسن چوہان
لاہور(ڈیلی پاکستا ن آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ شہباز شریف کورونا کا رونا رو کر نیب پیشیوں سے فرار چاہتے ہیں، کرپشن کی ماں آخر کب تک خیر منائے گی، کبھی تو نیب کی چھری کے نیچے آئے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ شہباز شریف کورونا کا رونا رو کر نیب پیشیوں سے فرار چاہتے ہیں،شہباز شریف آج بھی کورونا کورونا کر کے رونا رونا کھیل رہے ہیں،اپوزیشن لیڈر دو دفعہ کورونا کی آڑ میں نیب پیشیوں سے بھاگ چکے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ کرپشن کی ماں آخر کب تک خیر منائے گی، کبھی تو نیب کی چھری کے نیچے آئے گی،شہباز شریف نے بڑی ڈھٹائی اور ہمت سے منی لانڈرنگ، کرپشن اور اقربا پروری کی، شہباز شریف کو چاہیے اسی ڈھٹائی اور ہمت سے نیب کے سامنے پیش بھی ہوں،ان کاکہنا ہے کہ کرپٹ ٹولے کے احتساب کا عمل شروع ہو چکا، اب مکمل ہوئے بغیر نہیں رکے گا۔