مسلم لیگ ن یو اے ای کے صدر چودھری محمد الطاف کو دبئی کے القوز قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا

مسلم لیگ ن یو اے ای کے صدر چودھری محمد الطاف کو دبئی کے القوز قبرستان میں ...
مسلم لیگ ن یو اے ای کے صدر چودھری محمد الطاف کو دبئی کے القوز قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے صدر چودھری محمد الطاف 30 مئی کو خالق حقیقی سے جاملے۔ مرحوم کی عمر 76 برس تھی اور وہ کچھ عرصہ سے دل کے عارضہ میں مبتلا تھے، ان کا انتقال بھی اچانک ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوا۔ مرحوم چودھری محمد الطاف کو پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے خصوصی احکامات کے ذریعے 2007ءمیں پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کا صدر نامزد کیا تھا۔ چودھری محمد الطاف آخری دم تک پی ایم ایل این یو اے ای کے صدر رہے لہٰذا انہیں تاحیات صدر رہنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا۔

چودھری محمد الطاف پاکستان مسلم لیگ ن کے مقتدر حلقوں میں اپنے نام سے جانے پہچانے جاتے تھے۔ ان کے انتقال پر پی ایم ایل این کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے ان کے صاحبزادے محمد فیصل کو فون کر کے چودھری محمد الطاف کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ مسلم لیگ ن انٹرنیشنل کے صدر محمد اسحق ڈار، راجہ ظفر الحق اور دیگر مقتدر رہنماﺅں نے بھی محمد فیصل سے اظہار تعزیت کیا۔

مرحوم چودھری محمد الطاف کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں دبئی کے القوز قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ جنازہ میں امارات بھر سے ان کے چاہنے والوں، عزیز و اقارب، پارٹی کارکنوں اور ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی اور پرنم آنکھوں سے مرحوم کو سپردخاک کیا۔

پی ایم ایل این متحدہ عرب امارات کے عہدیداران و کارکنان نے مرحوم چودھری محمد الطاف کی سیاسی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک دیندار شخص، سچے پاکستانی اور پارٹی کے مخلص کارکن تھے۔ انہوں نے ساری عمر خلق خدا کی خدمت اور ضرورتمندوں کے کام آنے میں گزاری جبکہ سیاسی طور پر بھی انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے لیے بہت کام کیا اور مسلسل 13 سال تک امارات میں پارٹی کے صدر رہے۔ چودھری محمد الطاف کے انتقال پر دنیا بھر میں مقیم ان کے جاننے اور چاہنے والوں نے ان کے انتقال پر افسوس، لواحقین کے لئے دعائے صبر جمیل اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی۔

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -