”پاکستان اور بھارت کو تسلسل کیساتھ آپس میں کھیلتے رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ۔۔۔“ وقار یونس بھی دل کی بات زبان پر لے آئے

”پاکستان اور بھارت کو تسلسل کیساتھ آپس میں کھیلتے رہنے کی ضرورت ہے ...
”پاکستان اور بھارت کو تسلسل کیساتھ آپس میں کھیلتے رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ۔۔۔“ وقار یونس بھی دل کی بات زبان پر لے آئے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ مقابلوں کو عالمی کرکٹ کیلئے ناگزیر قرار دیدیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس نے کہاکہ پاک، بھارت مقابلے دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنتے ہیں، اگر دونوں ملکوں کے شائقین سے پوچھا جائے تو ان میں سے 95 فیصد کہیں گے کہ روایتی حریفوں کو باہمی میچز کھیلنا چاہئیں اور میں بھی یہی سمجھتا ہوں کہ دونوں ٹیموں کو نہ صرف آپس میں کھیلنے بلکہ تسلسل کے ساتھ مقابلے شیڈول کرتے رہنے کی ضرورت ہے، شائقین کو جاندار مقابلوں سے محروم رکھنا درست نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچز عالمی کرکٹ کیلئے بھی ناگزیر ہیں اور مجھے یقین ہے کہ اگر ابھی نہیں تو اگلے چند سال میں باہمی کرکٹ بحال ہوگی، وقار یونس نے کہا کہ عوام روایتی حریفوں کو کسی نیوٹرل مقام پر نہیں بلکہ اپنے ملکوں میں ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، باہمی مقابلے جب بھی ہوں پاکستان یا بھارت میں ہونا چاہئیں، اس سے پرجوش شائقین کو اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا، اسے عمران، کپیل سیریز یا آزادی سیریز، کوئی بھی نام دیں، یہ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی کرکٹ ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آخری بار 13-2012ءمیں کسی باہمی سیریز میں مقابل ہوئی تھیں، اس وقت گرین شرٹس نے پڑوسی ملک کا دورہ کرتے ہوئے محدود اوورز کے میچز کھیلے تھے، بعد ازاں روایتی حریفوں کی ٹیمیں صرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹس میں ہی آمنے سامنے آتی رہی ہیں۔

مزید :

کھیل -