عالمی برادری فوری طور پر یہ اقدامات کرے۔۔۔پاکستان نے بھارت کو دنیا بھر میں کہیں منہ دکھانے کے لائق نہ چھوڑا

عالمی برادری فوری طور پر یہ اقدامات کرے۔۔۔پاکستان نے بھارت کو دنیا بھر میں ...
عالمی برادری فوری طور پر یہ اقدامات کرے۔۔۔پاکستان نے بھارت کو دنیا بھر میں کہیں منہ دکھانے کے لائق نہ چھوڑا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نےکہاہےکہ بھارتی قابض افواج کےہاتھوں ایک ہی دن میں13کشمیریوں کاماورائےعدالت قتل قابلِ مذمت ہے،عالمی برادری بھارت کوکشمیریوں کےخلاف سنگین جرائم سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے،آر ایس ایس اور بی جے پی کے اتحاد نے ہندوتوا ایجنڈے کے لئے ہندوستان کودنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا،ہندوستان کی بربریت کشمیری عوام کے عزم کو نہیں توڑ سکتی ہے، ہر کشمیری کی شہادت کشمیریوں کے بھارتی قبضے سے آزادی کے عزم کو مزید تقویت بخشے گی، پاکستان کی قیادت اور عوام ان کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کے اپنے عہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں ایک ہی دن میں 13 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت کرتے ہوئےکہاکہ جعلی مقابلوں اورنام نہاد"دراندازی"کی کارروائیوں میں کشمیری نوجوانوں کے بے قابو ماورائے عدالت قتل پر پاکستان کو شدید تشویش ہے، عالمی برادری کورونامرض سے لڑنے میں جبکہ بھارت کشمیری عوام پر اپنی بربریت کو تیز کرنے میں مصروف ہے،ایک ہی دن میں13کشمیریوں کو ماورائےعدالت قتل کرناہندوستانی حکومت کے انسانیت کے خلاف جاری جرائم کا ایک نیا ثبوت ہے، ان جرائم کو چھپانے کےلئےہندوستانی حکام کشمیری جوانوں کی تربیت اور دراندازی کے بے بنیاد الزامات کا سہارا لے رہے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نےکہا کہ ہندوستان کو یہ سمجھناچاہئےکہ اس کے بدنیتی پرمبنی پروپیگنڈے پرعالمی برادری کواب کوئی اعتبار نہیں ہے،آر ایس ایس اور بی جے پی کے اتحاد نے غیر قانونی وغیر انسانی اقدامات اور انتہا پسندی بالخصوص ہندوتوا ایجنڈے کے لئے ہندوستان کودنیا کے سامنے بے نقاب کھڑے ہیں، ہندوستان کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اس کی بربریت کشمیری عوام کے عزم کو توڑ سکتی ہے اور نہ ہی اس کا پاکستان مخالف پروپیگنڈہ ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹا سکتا ہے، ہر کشمیری کی شہادت کشمیریوں کے بھارتی قبضے سے آزادی کے عزم کو مزید تقویت بخشے گی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت اقوام متحدہ نے دیا ہے جسے وہ کبھی بھی ترک نہیں کریں گے، پاکستان کی قیادت اور عوام ان کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کے اپنے عہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔عائشہ فاروقی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بھارت کو کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کرنے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے، اور بھارت کو بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق سے متعلقہ کنوینشنز کے قوانین کے تحت جوابدہ بنائیں۔

مزید :

قومی -