”ہمارے ملک کا کوئی شہری اس سال حج کرنے نہیں جائے گا“ بڑے اسلامی ملک نے اعلان کر دیا

”ہمارے ملک کا کوئی شہری اس سال حج کرنے نہیں جائے گا“ بڑے اسلامی ملک نے اعلان ...
”ہمارے ملک کا کوئی شہری اس سال حج کرنے نہیں جائے گا“ بڑے اسلامی ملک نے اعلان کر دیا

  

جکارتہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) انڈونیشیا نے رواں برس اپنے شہریوں کی حج میں شرکت منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کی وجہ سعودی حکام کی جانب سے تاحال صورتحال واضح کرنے میں ناکامی بتائی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر برائے مذہبی امور فخر الرضی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سعودی حکام کی تاحال صورت حال واضح کرنے میں ناکامی اور کورونا وائرس وباءکے باعث پیدا ہونے والے تحفظات کی بناءپر رواں سال حج میں اپنے عازمین کی شرکت منسوخ کردی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے یہ انتہائی ناخوش گوار اور سخت فیصلہ تھا تاہم اپنے عازمین اور حج کارکنان کے تحفظ کیلئے یہ قدم اٹھانا پڑا ہے۔ گزشتہ ماہ انڈونیشیا کے صدر جوکو ودود نے سعودی فرماں روا سے اس سلسلے میں رابطہ کیا تھا اور دونوں رہنماﺅں کے مابین ٹیلی فون پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا تھا تاہم اس کے بعد بھی صورت حال واضح نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ ہر سال حج میں سب سے بڑی تعداد انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے عازمین کی ہوتی ہے اور انڈونیشیا کی وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ کے مطابق رواں برس بھی انڈونیشیا کیلئے 2 لاکھ 21 ہزار کا کوٹہ رکھا گیا تھا جس میں سے 90 فیصد عازمین کی رجسٹریشن ہوچکی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکومتی فیصلے پر اس برس حج کا ارادہ رکھنے والوں میں اداسی اور مایوسی پھیل گئی ہے۔اس سے قبل سنگا پور کی حکومت بھی رواں برس حج میں اپنی شہریوں کے شرکت نہ کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -