معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی صحت کے بارے بڑی خبر آ گئی

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی صحت کے بارے بڑی خبر آ گئی
معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی صحت کے بارے بڑی خبر آ گئی

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف دینی سکالر اور مبلغ مولانا طارق جمیل کی صحت بارے سوشل میڈیا پر پھیلی ہوئی خبروں کی حقیقت سامنے آ گئی،دو روز قبل بلڈ پریشر کم ہونے کی وجہ سے گر کر زخمی ہونے والے مولانا طارق جمیل کی طبیعت اب مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے اور چہرے کا زخم بھی کافی حد تک مندمل ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ دو روز سے سوشل میڈیا پر معروف مبلغ اسلام مولانا طارق جمیل کی صحت بارے مختلف خبریں گردش کر رہی ہیں تاہم اس سلسلہ میں جب "ڈیلی پاکستان آن لائن" نےمولانا طارق جمیل کے ترجمان محمد طاہر رحیمی سے بات کی تو انہوں نے مولانا طارق جمیل کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دو روز قبل مولانا طارق جمیل اپنے گھر میں بلڈ پریشر کم ہونے کی وجہ سے اچانک چکرا کر گر گئے تھے جس کی وجہ سے ان کی ٹھوڑی پر گہرا زخم آیا ،خون زیادہ بہنے کی وجہ سے ان کی طبیت ناساز ہوئی تھی تاہم فوری طور پر انہیں طبی امداد فراہم کی گئی اور ڈاکٹرز نے چیک اَپ کے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیا ۔محمد طاہر رحیمی کا کہنا تھا کہ خون زیادہ بہنے کی وجہ سےجسم میں  پیدا ہونے والی کمزوری نے بھی اُن کی صحت کو متاثر کیا تھا تاہم اللہ کی رحمت اوراپنے چاہنے والوں کی دعاؤں کے نتیجے میں مولانا طارق جمیل اب نہ صرف بہت بہتر ہیں بلکہ اللہ کے فضل سےتیزی کے ساتھ مکمل صحت یابی کی طرف گامزن ہیں ۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر مولانا طارق جمیل کی صحت کے حوالے سے مختلف افواہوں کا بازار گرم ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ان کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے تاہم حقیقت یہ ہے کہ دو روز قبل لگنے والی چوٹ سے مولانا طارق جمیل زخمی ہوئے تھے تاہم اب ان کی صحت تسلی بخش ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -