نامور کامیڈین ننھا کو بچھڑے36 برس بیت گئے

         نامور کامیڈین ننھا کو بچھڑے36 برس بیت گئے

  

  لاہور  (فلم رپورٹر)پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ اداکار ننھا کو دنیا چھوڑے  36 برس بیت گئے۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1966ء میں فلم ”وطن کا سپاہی“ سے کیا معروف پاکستانی فلم ”دبئی چلو“ نے ننھا کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا ان کی دیگر یادگار فلموں میں ”سوہرا تے جوائی“، ”سالا صاحب“،”نوکر تے مالک“،”نمک حلال“، ”تیری میری اک مرضی“،”مہندی“اور دیگر قابل ذکر ہیں ننھا کی تائٹل رول پر مشتمل فلم سالا صاحب لاہور میں 300ہفتے تک زیر نمائش رہی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔رفیع خاور ننھا،علی اعجاز اور نگیلا کی تکون کو شائقین نے بے پناہ پذیرائی بخشی جبکہ فلمی ہیروئین میں ممتاز،انجمن،مسرت شاہین، رانی،دردانہ رحمان اور نازلی پسند کی جاتی تھیں۔

ننھا کی بطور ہیرو اور کامیڈین سب سے زیادہ پسند کی جانی والی جوڑی نازلی کے ساتھ تھی۔ ننھا  2جون1986کو اپنے مداحوں کو ہمیشہ کیلئے چھوڑ گئے تھے۔دو عشروں تک لاکھوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے  کامیڈین رفیع خاورعرف ننھا نے پی ٹی وی کے معروف ڈرامے ”الف نون“ سے شہرت حاصل کی تھی۔

مزید :

کلچر -