وبائی امراض سے نمٹنے کیلئے دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگا، مارٹن ڈاؤ 

  وبائی امراض سے نمٹنے کیلئے دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگا، مارٹن ڈاؤ 

  

کراچی (پ ر) مارٹن ڈاؤ گروپ کے چیئرمین علی اکھائی نے ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر پاکستانی ناشتے سے مہمانوں کی میزبانی کی۔ ناشتے میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کی وزیر شیری رحمان، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پاتھ فائنڈر گروپ کے چیئرمین اکرام سہگل، پاتھ فائنڈر گروپ کے شریک چیئرمین ضرار سہگل سمیت عالمی رہنماؤں، پالیسی میکرز اور بزنس کمیونٹی نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مارٹن ڈاؤ گروپ کے چیئرمین علی اکھائی نے کہا کہ حالیہ عالمی معاشی چیلنجز کے باوجود پاکستان میں پڑوسی ممالک کے مقابلے میں کاروبار کرنے میں زبردست آسانی ریکارڈ کی گئی ہے۔ کاروباری طریقوں کو آسان بنانے کے لیے ملک کے وفاقی اور صوبائی ریگولیٹری اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھی جارہی ہے، جیسے کہ بینکنگ انفرااسٹرکچر میں بہتری، مقامی مالیاتی مواقع تک رسائی اور منافع کی واپسی۔انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات اور اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ چند برسوں میں پاکستان مختلف شعبوں میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لیے ایک منافع بخش مارکیٹ کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ آٹوموبیل اور موبائل فون کمپنیوں کے معروف برانڈز نے حال ہی میں پاکستان میں اپنے اسمبلنگ یونٹس لگانے کے لیے سرمایہ کاری کی ہے، جب کہ پاکستان سروس سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے بھی پُرکشش مقام بنتا جا رہا ہے۔ بہت سے ای کامرس پلیئرز اور غیرملکی اسٹارٹ اَپس نے نمایاں سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستان میں اپنے کام کا آغاز کیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -