ضلعی انتظامیہ پشاور کے تحت بڈھ بیر میں کھلی کچہری کا انعقاد

ضلعی انتظامیہ پشاور کے تحت بڈھ بیر میں کھلی کچہری کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ پشاور نے تحصیل صدرکے علاقے بڈھ بیر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان،اسسٹنٹ کمشنر نادیہ نواز ڈوگر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرآفتاب احمد،، تحصیلدارزرداد خان سمیت ماتحت محکموں کے افسران، ریونیو سٹاف،عوامی نمائندگان، عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کیٹگری ڈی ہسپتال بڈھ بیر پشاور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کر وائے گئے تھے۔ اس موقع پر لوگوں نے افسران کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت زیادہ ہے اور عوام کی سہولت کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور علاقے میں سوئی گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے سوئی گیس کا پریشر بڑھایا جائے اور کوہاٹ روڈ پر تجاوزات مافیا کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور علاقے میں منشیات اور آئس فروشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور ہوائی فائرنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ کیٹگری ڈی ہسپتال میں سٹاف کی تعداد کو بڑھایا جائے اور مزید میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنرپشاورنے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ ڈپٹی کمشنرپشاور نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔ اس موقع پر لوگوں نے ضلعی انتظامیہ پشاور کا کھلی کچہری کے انعقا د پر شکریہ ادا کیا۔