یونین کونسل پخہ غلام کی 6 ویلج کونسلوں میں صفائی آپریشن

  یونین کونسل پخہ غلام کی 6 ویلج کونسلوں میں صفائی آپریشن

  

 پشاور(سٹی رپورٹر)واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے یونین کونسل پخہ غلام کی 6 ویلج کونسلوں محمد یہ، صدیق اکبر، دوران پور، چغل پورہ ون، چغل پورہ ٹو اور جلاریان میں باضابطہ صفائی آپریشن کا آغاز کر دیا جس کے لئے 20 رکنی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔اس حوالے سے ایم پی اے ارباب جہانداد کے بھائی ارباب خدا داد خان کی صدارت میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈبلیو ایس ایس پی کے زونل منیجر طارق عزیز، منیجر سالیڈ ویسٹ گوہر علی، منیجر سی ایل سی محمد اسماعیل، اسسٹنٹ منیجر سعود احمد، سابق ناظم ملک صبغت اللہ، سابق ڈسٹرکٹ کونسلر محمد عدنان اعوان اور علاقہ مشران شریک ہوئے۔ گلی محلوں اور نالیوں کی صفائی کے لئے ضروری مشینری، گاڑیاں اور کوڑا دان فراہم کئے گئے ہیں جبکہ مزید مشینری اور کوڑا دانوں کی خریداری کا عمل جاری ہے، عملہ گلی محلوں اور نالیوں کی صفائی کر رہا ہے۔ ابتدائی طور بڑی نالیاں اور کھلی جگہوں میں پڑے گندگی کے ڈھیر صاف کئے جارہے ہیں جس کے بعد چھوٹی نالیوں اور گلی محلوں میں چھوٹے چھوٹے ڈھیر صاف کئے جائیں گے۔تمام ویلج کونسلوں کے لئے بتدریج مزید مشینری اور گاڑیوں کا بندوبست کیا جائے گا۔ ارباب خدا داد خان نے صفائی آپریشن کے باضابطہ آغاز کو خوش آئندہ قرار دیا اور کہا کہ ڈبلیو ایس ایس پی کی خدمات کے آغاز سے نیم شہری علاقوں میں صفائی اور نکاسی آب سے متعلق مشکلات ومسائل حل ہوجائیں گے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ عملے سے تعاون کریں، گندگی او کوڑا کرکٹ ڈبلیو ایس ایس پی کے مختص کردہ مقامات پر پھینکیں۔ ویلج کونسلوں میں منتخب نمائندوں اور مشران کی مشاورت سے کوڑا دان رکھے گئے ہیں، ڈبلیو ایس ایس پی کی آؤٹ ریچ ٹیمیں گندگی کے مقررہ مقامات، گندگی پھینکنے اور کوڑا دان اٹھانے کی اوقات بارے لوگوں میں شعور اجاگر کر رہی ہیں۔  

مزید :

پشاورصفحہ آخر -