امریکہ کا مذہبی گروہ جس سے وابستہ مردوں نے درجنوں شادیاں کررکھی ہیں، تفصیلات ایسی کہ کوئی بھی سٹپٹا جائے

 امریکہ کا مذہبی گروہ جس سے وابستہ مردوں نے درجنوں شادیاں کررکھی ہیں، ...
 امریکہ کا مذہبی گروہ جس سے وابستہ مردوں نے درجنوں شادیاں کررکھی ہیں، تفصیلات ایسی کہ کوئی بھی سٹپٹا جائے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) پرانے زمانے کے بادشاہوں اور راجاﺅں کے بارے میں تو سنتے پڑھتے ہیں کہ ان کی درجنوں اور سینکڑوں بیویاں اور داشتائیں ہوتی تھیں۔ فی زمانہ بھی کچھ ایسی مثالیں پائی جاتی ہیں جن سے ان قدیم بادشاہوں کی عیاشیوں کے قصے تازہ ہو جاتے ہیں۔ ابھی کچھ عرصہ پہلے نائیجیریا کے ایک شخص کے متعلق خبر آئی تھی جس نے 52شادیاں کر رکھی ہیں اور اس کے سو سے زائد بچے ہیں اور اس نے کہا تھا کہ ابھی وہ مزید شادیاں کرنا چاہتا ہے۔ پھر تھائی لینڈ کے بادشاہ کی کئی بیویاں اور داشتائیں ہیں اور ان کے متعلق حال ہی میں خبر آئی کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے وہ جرمنی میں پورا ہوٹل بک کروا کر قرنطینہ میں گئے اور اپنے ساتھ 20داشتاﺅں کو بھی قرنطینہ میں رکھا۔ 
ڈیلی سٹار کے مطابق اب امریکہ سے ایک ایسے مذہبی گروہ کی کہانی سامنے آ گئی ہے جس سے وابستہ ہر مرد نے درجنوں شادیاں کر رکھی تھی۔ اس گروہ کے 66سالہ سربراہ کا نام وارن جیفس ہے جو کم سن لڑکیوں کی بڑی عمر کے مردوں کے ساتھ زبردستی شادیاں کرواتا تھا۔یہی نہیں بلکہ وہ خود بھی کم عمر لڑکیوں سے نہ صرف شادیاں کرتابلکہ انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بناتا ۔ایک وقت ایسا تھا کہ جب وارن جیفس کی24بیویاں تھیں اور ان تمام کی عمریں 17سال سے کم تھیں۔
 44سالہ ربیکا موسر نامی ایک خاتون نے اس گروہ سے وابستہ مردوں کی عیاشیوں کے ایسے قصے دنیا کو سنائے ہیں کہ عقل دنگ رہ جائے۔ ربیکا نے بتایا ہے کہ اس وقت اس کی عمر صرف 19سال تھی جب وارن جیفس نے اس کی شادی ایک 85سالہ شخص سے کروا دی۔ وارن جیفس ایک چرچ کا صدر تھا اور ہزاروں خواتین بھی اس کے حلقہ عقیدت میں شامل تھیں۔ وہ خود بھی ان خواتین میں سے جس کے ساتھ چاہتا جنسی تعلق قائم کر لیتا اور جسے چاہتا اس کی شادی گروہ کے کسی مرد کے ساتھ کروا دیتا۔
ربیکا نے بتایا کہ میں اپنے شوہر کی موت اس گروہ میں شامل ہوئی اور وارن جیفس نے مجھے حکم دیا کہ مجھے اس 85سالہ مرد سے شادی کرنی ہو گی۔ میں سمجھ رہی تھی کہ میں اس بوڑھے آدمی کی اکیلی بیوی ہوں گی لیکن شادی کے بعد مجھے پتا چلا کہ اس کی پہلے سے 78بیویاں تھیں۔ ان میں بھی اکثریت کم عمر لڑکیوں کی تھی اور ان کی شادیاں بھی اس بوڑھے سے وارن جیفس نے کروائی تھیں۔ 
رپورٹ کے مطابق وارن جیفس اپنے گروہ میں کسی بادشاہ کی حیثیت رکھتا تھا۔ اس کا حلقہ اثر تین ریاستوں ایریزونا، اوٹاہ اور ٹیکساس پر محیط تھا۔ 2006ءمیں ایف بی آئی نے اسے کم عمر لڑکیوں سے شادیاں کرنے والے10مطلوب ترین ملزمان کی فہرست میں شامل کیا۔ اس کے خلاف کئی مقدمات تھے اور جب اسے ایف بی آئی نے گرفتار کیا، اس کے 90فیصد سے زائد پیروکار بھی مفرور ہو گئے جن کی وارن جیفس نے درجنوں شادیاں کروا رکھی تھیں۔
 تحقیقات میں معلوم ہوا کہ وارن جیفس نہ صرف خود کم عمر لڑکیوں کے ساتھ شادیاں کرتا تھا بلکہ دیگر مردوں کی بھی چرچ میں کم عمر لڑکیوں سے شادیاں کرواتا تھا۔ اس پر درجنوں لڑکیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا گیا اور عدالت نے اسے عمر قید کی سزا سنائی۔ اب وہ جیل میں اپنے کرتوتوں کی سزا بھگت رہا ہے۔وارن جیفس کے جرائم کی حقیقت اب ایک ڈاکومنٹری کی صورت میں نیٹ فلکس پر دکھائی جا رہی ہے۔ یہ ڈاکومنٹری آئندہ ہفتے نشر کی جائے گی، جس میں وارن جیفس کی زندگی کے کئی خفیہ پہلو پہلی بار منظرعام پر لائے جائیں گے۔