شہری کالعدم تنظیموں کو قربانی کی کھالیں نہ دیں: محکمہ داخلہ پنجاب
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ شہری کالعدم تنظیموں اور ان کے ذیلی اداروں کو قربانی کی کھالیں نہ دیں
تفصیلات کے مطابق پنجا ب حکام نے قربانی کی کھالیں صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ اداروں کو دینے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تنظیموں اور ان کے ذیلی اداروں کی فہرست جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہری ان کالعدم تنظیموں اور ان کے ذیلی اداروں کو قربانی کی کھالیں نہ دیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997کے تحت کالعدم تنظیموں کی معاونت جرم ہے اور کالعدم تنظیموں کی امداد کرنیوالے قانون کے شکنجے میں آئیں گے۔محکمہ داخلہ نے کہا کہ قربانی کی کھالیں صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ اداروں کو دیں، رجسٹرڈ اداروں کی تصدیق ان کے سرٹیفکیٹ پرکیو آرکوڈ سے کی جاسکتی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ شہری یقینی بنائیں ان کی امداد دہشتگردوں کے بجائے صحیح حقدار تک پہنچے اور اس کے لئے رجسٹرڈ اداروں کی تفصیلات محکمہ داخلہ پنجاب کی ویب سائٹ پردیکھی جا سکتی ہیں جبکہ پنجاب چیریٹی کمیشن اور نیکٹا کی ویب سائٹ پر بھی تمام کالعدم تنظیموں کی تفصیلات ہیں۔
