ڈرامہ سیریل ” رشتے“ کی ریکارڈنگ ماڈل ٹاﺅن میں جاری

ڈرامہ سیریل ” رشتے“ کی ریکارڈنگ ماڈل ٹاﺅن میں جاری

 لاہور (فلم رپورٹر) “لاراچی انٹرٹینمنٹ“ کی ڈرامہ سیریل ” رشتے“ کی ریکارڈنگ ماڈل ٹاﺅن میں جاری ہے جس میں نادیہ افگن، فرحانہ مقصود، ماریہ زاہد، حسیب خاں، بلال قریشی، سعداظہر اور سنگیتا حصہ لے رہی ہیں۔ ریکارڈنگ کے دوران زیادہ فنکاروں کے باعث سیٹ پر کافی گہما گہمی تھی، تاہم بریک کے دوران فنکار مختلف کاموں میں مصروف رہے۔ نادیہ افگن اکیلی بیٹھی سکرپٹ کا مطالعہ کر رہی تھیں۔ بلال قریشی فون کرنے میں مصروف تھے۔ ماریہ زاہد اور فرحانہ مقصودمیک اپ کرا رہی تھیں۔

 جبکہ سنگیتا صحن میں چارپائی پر بیٹھی مختلف لوگوںسے گپ شپ لگا رہی تھیں۔ اسی دوران اگلے سین کی لائننگ ہو جانے پر ڈائریکٹر سہیل عرفان نے تمام فنکاروں کو ریکارڈنگ کیلئے کہا۔ کچھ ہی دیر میں یہ سین بھی مکمل کرلیا گیا۔ جس کے بعد فرحانہ مقصود نے ”پاکستان“ کو بتایا کہ ڈرامے کا مرکزی کردار میں کر رہی ہوں۔ جس کی والدہ سنگیتا ہیں۔ نادیہ افگن بہن، بلال قریشی اور حسیب خاں بھائی ہیں۔ یہ ایک ایسی لڑکی کی جس کے رشتے تو آتے ہیں لیکن کسی نے کسی وجہ سے انکار ہو جاتا ہے۔ ماریہ زاہد نے بتایا کہ وہ پہلی مرتبہ لاہور میں کام کر رہی ہیں۔ میں حسیب خاں کی بیوی کا کردار کر رہی ہوں جو کہ ایک مظلوم بہو ہے۔ ”رشتے“ کے رائٹر عمران نذیر، ڈائریکٹر سہیل عرفان، ڈی او پی راشد عباس، پراجیکٹ ہیڈ صہیب ادریس اور جی ایم پروڈکشن نوید اکبر ہیں جبکہ کاسٹ میں صدف بھٹی اور نایاب فائزہ بھی شامل ہیں۔ یہ سیریل 25 اقساط پر مشتمل ہے جو جلد ہی آن ایئر ہوگا۔

مزید : کلچر