پاکستان کا5 بار انڈر 19 ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا اعزاز

پاکستان کا5 بار انڈر 19 ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا اعزاز

 کراچی(آئی این پی) پاکستانی ٹیم نے انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ میں 5 مرتبہ فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انڈرنائنٹین کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز1988ءمیں آسٹریلیا میں ہوا۔ افتتاحی ایونٹ میں پاکستان ٹیم فائنل تک توپہنچی لیکن میزبان ٹیم کیخلاف شکست کے باعث ٹائٹل سے محروم رہی۔ قومی ٹیم دوسرے ایڈیشن میں قابل ذکرکارکردگی نہ دکھا سکی۔ دوہزارمیں سری لنکا میں ہونے والے ایونٹ میں گرین شرٹس ایک بار پھر سیمی فائنل تک پہنچے لیکن میزبان ٹیم کے ہاتھ شکست کے باعث فائنل تک نہ پہنچ سکے۔ دوہزار دومیں نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں قومی ٹیم ایک بارپھرناکام رہی۔ دوسال بعد انڈر نائنٹین ورلڈ کپ کا میزبان بنگلہ دیش بنا۔ پاکستان نے خالد لطیف کی قیادت میں ایونٹ میں حصہ لیا۔ گرین شرٹس نے فائنل میں ویسٹ انڈیز کو 25رنز سے شکست دے کر پہلی بار انڈر 19ورلڈ چیمپئین بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ دو ہزار چھ میں انڈر نائنٹین ورلڈ کپ کی میزبانی سری لنکا نے کی۔

 پاکستان نے وکٹ کیپر سرفرازاحمد کی قیادت میں ایونٹ میں حصہ لیا۔ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوا۔ گرین شرٹس نے بھارت کومات دے کر مسلسل 2ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ 2008ءمیں ملائیشیا میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں پاکستان ٹیم سیمی فائنل تک توپہنچی لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ 2010ءمیں نیوزی لینڈ میں ہونے والے انڈر نائنٹین ورلڈ کپ میں پاکستان نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جہاں ایک بار پھر اس کا سامنا آسٹریلیا سے ہوا۔ پاکستان انڈر نائنٹین ٹیم فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کی روایت نہ توڑ سکی اور ٹائٹل نہ جیت سکی۔ دوہزار بارہ میں ایونٹ کا انعقاد آسٹریلیا میں کیا گیا۔ ایونٹ میں پاکستان کا سفر کوارٹر فائنل میں ختم ہوگیا۔ قومی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی