بھارت اور پاکستان کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوگا ،سابق کرکٹرز

بھارت اور پاکستان کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوگا ،سابق کرکٹرز

لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان شائقین کو آج کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا دونوں ٹیمیں ہم پلہ ہیں اور جو ٹیم پریشر میں آئے بغیر عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرے گی وہ جیت جائے گی ان خیالات کا اظہار سابق کرکٹرز نے ایشاءکپ میں کھیلے جانے والے پاک بھارت کرکٹ میچ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم نے کہا کہ یہ میچ پریشر کی گیم ہے جس ٹیم نے کم پریشر لیا اور سکون سے کھیلا اس کی جیت کے امکانات روشن ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے خلاف اس میچ میں شائقین کو اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا ایک کانٹے دار مقابلہ ہوگا انہوں نے کہا کہ میری نظر میں کوئی ٹیم فیورٹ نہیں ہے سرفراز نواز نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے اگر اچھا کھیل پیش کیا تو اس کی جیت یقینی ہے اور امید ہے کہ تمام کھلاڑی اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے کھیل پیش کریں گے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے یہ میچ بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس میچ کو جیتنا پاکستان کے لئے بہت ضروری ہے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف اور باسط علی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ کانٹے دار مقابلے ہوتے ہیں لیکن جو ٹیم اچھا کھیلے گی۔

 وہ کامیابی حاصل کرے گی پاکستان ٹیم کے پاس طویل عرصہ کے بعد بھارت کو شکست دینے کا موقع ہے۔

 اگر اس موقع پر دونوں ٹیموں کا موازنہ کیا جائے تو پاکستا ن کرکٹ ٹیم کے پاس جیت کے زیادہ امکانات ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ بھارتی ٹیم حال ہی میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں مسلسل شکست کا سامنا کرکے لوٹے ہے اور اس پر پریشر زیادہ ہے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف محمد نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس میچ کی اس ایونٹ میں سب سے زیادہ اہمیت ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی ہمیشہ اہمیت ہوتی ہے اور میری اور پوری قوم کی دعا ہے کہ پاکستان یہ میچ جیت جائے اور بھارتی ٹیم کو شکست دے اس کامیابی سے ہی شائقین کرکٹ خوش ہوجائیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی