آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کے مقام کا اعلان موخر

آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کے مقام کا اعلان موخر

نئی دہلی(اے پی پی) کرکٹ کنٹرول بورڈ آف انڈیا (بی سی سی آئی) کی ورکنگ کمیٹی نے کہا ہے کہ انڈین پریمیئر کرکٹ لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے حتمی مقام کا اعلان رواں برس ملک میں عام انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ آئی پی ایل کا ساتواں ایڈیشن بھارت میں عام انتخابات کے شیڈول سے متصادم ہے جس کی وجہ سے بھارتی حکومت نے لیگ میں سیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا اور بی سی سی آئی حکام متبادل مقام پر لیگ کے انعقاد کے حوالے سے کوشاں ہیں۔ بی سی سی آئی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں آئی پی ایل کے مقام کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بی سی سی آئی کے صدر این سری نواسن کے مطابق آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کے حتمی مقام کا فیصلہ عام انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ آئی پی ایل کے چیئرمین رنجیب بسوال نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو لیگ کے میچز جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات میں ہو سکتے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی