پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونےوالامیچ دیکھنے کےلئے بڑی سکرینیں لگائی جائیں گی

پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونےوالامیچ دیکھنے کےلئے بڑی سکرینیں لگائی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور بھارت کے مابین آج پاکستانی وقت کے مطابق ایک بجے دوپہر ڈھاکہ میں ہونے والے ایشیا کپ کے میچ کو دیکھنے کے لئے لاہور کے مختلف علاقوں میں بڑی بڑی ٹی وی سکرینیں لگائی جائیں گی ۔اتوار کے روز مقامی چھٹی ہونے کی وجہ سے سرکاری ،نیم سرکاری اور پرائیویٹ اداروں کے ملازمین اپنے گھروں میں ٹی وی سیٹوں کے سامنے بیٹھ کر میچز دیکھیں گے ۔شائقین کرکٹ نے میچ دیکھنے کے لئے اپنے دوستوں اور مہمانوں کو بھی گھروں میں مدعو کررکھا ہے اور ان کے لئے مختلف طرح کے پکوان تیار کیئے جائیں گے ۔پاک بھارت میچ کے دوران لاہور سمیت پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں میچ پر سٹے بازی کو روکنے کے لئے پنجاب کے چیف سیکرٹری نوید اکرم چیمہ نے انتظامیہ اور پولیس افسران کو ہدایت دے دی ہیں ۔
مختلف اضلاع کی پولیس نے سٹے بازوں کی فہرستیں حاصل کرلی ہیں اور میچ کے دوران گلیوں ،بازاروں اور دفاتر میں بیٹھ کر سٹے بازی کی بکنگ کرنے والوں کے خلاف پولیس سخت ایکشن لے گی ۔پنجاب پولیس کی ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس میچز کے دوران سٹے بازوں کے خلاف پہلے بھی کاروائی کرتی رہی ہے اور پاک بھارت میچ کے دوران بھی کاروائی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔رکن پنجاب اسمبلی اور شیخوپورہ سٹیڈیم ٹرسٹ کے ممبر علی سلمان رانا کا کہنا تھا کہ ملک میں انٹرنیشنل میچز نہ ہونے کی وجہ سے پنجا ب حکومت کو مختلف سٹیڈیمز میں بڑی بڑی سکرینیں لگا کر شائقین کے لئے میچز دیکھنے کا بندوبست کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ اللہ کے فضل سے ایک دن ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی اور پاکستانی شائقین بھی پاک بھارت کرکٹ میچز اپنے سٹیڈیمز میں دیکھ سکیں گے ۔علی سلمان کا کہنا تھا کہ قوم کی دعاﺅں کے ساتھ اور اپنی محنت سے پاکستان کی کرکٹ ٹیم بھارت کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے گی ۔علی سلمان نے واپڈا کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میچ کے دوران کسی قسم کی لوڈ شیڈنگ نہ کریںاور بجلی کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے تاکہ شائقین کرکٹ کو پاک بھارت میچ کے سنسنی خیز لمحات سے محروم نہ ہونا پڑے ۔