شام میں جاری خونریزی میں روس ملوث ہے ،سعودی عرب

شام میں جاری خونریزی میں روس ملوث ہے ،سعودی عرب

ریاض(آئی اےن پی )سعودی عرب نے روس کی جانب سے شامی باغےوں کی مدد سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں جاری خونریزی میں روس ملوث ہے۔غےر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اےک بےان مےں کہا ہے کہ روس شامی رجیم کی حمایت کررہا ہے۔

اور اس کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ہی صدر بشارالاسد نے سفاکیت جاری رکھی ہوئی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے روسی وزارت خارجہ کے بیان پر حیرت کا اظہار کیا جس میں سعودی عرب پر شام میں بدامنی میں ملوث ہونے کا الزام عاید کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ روس نے کہا تھا کہ سعودی عرب شامی باغیوں کی مدد کررہا ہے۔روس نے خبردار کیا کہ اس طرح ہتھیاروں کی منتقلی سے پورا خطہ خطرات سے دوچار ہوجائے گا اور یہ ہتھیار شام سے باہر بھی استعمال ہوسکتے ہیں۔لیکن سعودی وزارت خارجہ نے اس روسی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ریاض شامی رجیم کی سفاکیت کے مقابلے میں عوام کی حمایت کرتا ہے،شامی رجیم کو ماسکو کی حمایت حاصل ہے اور ماسکو کو اس حمایت کا یہ خمیازہ بھگتنا پڑا ہے کہ وہ عرب عوام کی ہمدردی سے محروم ہوگیا ہے۔

مزید : عالمی منظر