امریکہ میں پاکستانی سفیر سے امریکی سینیٹر جو منچن کی ملاقات

امریکہ میں پاکستانی سفیر سے امریکی سینیٹر جو منچن کی ملاقات

واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی سے مشرقی ورجینا سے سینیٹر جو منچن نے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی سفارتخانے کے مطابق اس موقع پر سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک بھی موجود تھے جو ان دنوں واشنگٹن کے دورے پر ہیں۔ سینیٹر منچن امریکی سینیٹ میں آرمڈ سروسز کمیٹی‘ توانائی و قدرتی وسائل کی کمیٹیوں سمیت چار کمیٹیوں میں کام کر رہے ہیں۔ جلیل عباس جیلانی نے امریکی سینیٹر کو دو طرفہ تعلقات اور حال ہی میں منعقد اعلیٰ سطحی سٹریٹجک وزارتی مذاکرات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ پاکستانی سفیر نے توانائی کے شعبے میں امریکی امداد پر اس کا شکریہ ادا کیا‘جس کی مدد سے قومی گرڈ اسٹیشن میں 1000 میگا واٹ سے زائد بجلی شامل ہوجائے گی۔ انہوں نے توانائی کی قلت کو حل کرنے اور معیشت کی بحالی کیلئے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے امریکی سینیٹر کو آگاہ کیا۔ امریکی سینیٹر منچن نے پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کو توانائی کی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں افغانستان میں امن اور استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا‘ دونوں فریقین نے افغانستان سے امریکی افواج کے ہموار اور منظم واپسی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

مزید : عالمی منظر