پاکستان اور امریکہ جامع شراکت کی طرف پیش قدمی کرنے پر توجہ دے ر ہے ہیں،جلیل عباس جیلانی

پاکستان اور امریکہ جامع شراکت کی طرف پیش قدمی کرنے پر توجہ دے ر ہے ہیں،جلیل ...

واشنگٹن(اظہر زمان، بیورو چیف) پاکستان اور امریکہ دونوںسٹرٹیجک ڈائیلاگ کے عمل کے ذریعے ایک وسیع بنیاد والی جامع اور سٹریٹجک شراکت کی طرف پیش قدمی کرنے پر پوری توجہ دے رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے یہاں مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ اہتمام اپنے ایک لیکچر میں کیا۔ جس کا موضوع ”پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اور علاقائی صورتِ حال کے بارے میں پاکستان کا نقطہ نظر “تھا۔ اس موقع پر پاکستان میں امریکہ کی سابق سفیروینڈی چیمبرلین بھی موجود تھیں، جو اس انسٹی ٹیوٹ کی صدر ہیں۔ پاکستانی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں، تاہم انہوں نے اس سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر زور دیا ،جن میں امریکہ کی طرف سے پاکستان کے علاقے میں ڈرون حملوں کا معاملہ شامل ہے۔ علاقائی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے سفیر جیلانی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی افغانستان کی اقتصادی ترقی اور اس کی سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں میں اضافے پر توجہ بہت اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان کے آئیندہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے منعقد ہوں گے جو ملک میں امن اور استحکام کی راہ ہموار کرنے کا باعث بنیں گے،انہوں نے پاکستان کی طرف سے افغانستان میں ایک ایسے مصالحتی عمل کی حمائت کا اعادہ کیا جس کی قیادت اور ملکیت افغانستان کے پاس ہو، پاکستانی سفیر نے بھارت کے ساتھ تمام مسائل کو بامقصد مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا جن میں کشمیر بھی شامل ہے۔

مزید : صفحہ آخر