یورپی یونین کے تعاون سے خیبر پختونخوا میں جاری ٹسڈک کے تربیتی منصوبے مکمل

یورپی یونین کے تعاون سے خیبر پختونخوا میں جاری ٹسڈک کے تربیتی منصوبے مکمل

لاہور (کامرس رپورٹر)ٹیکنالوجی اینڈ اپگریڈیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی (ٹسڈک)نے صوبہ خیبر پختونخوا میں یورپی یونین کی مالی معاونت سے بارہ ہزار مرد و خواتین کی فنی و تکنیکی تربیت کا منصوبہ مکمل کر لیا ہے ۔ مذکورہ منصوبے کے تحت ٹسڈک کے تربیت یافتہ مر دو خواتین میں سے 75فیصد لوگ اب مختلف نجی یا سرکاری اداروں ، چھوٹے کارخانوں یا اپنے ذاتی کاروبار سے وابستہ ہوچکے ہیں ۔ ٹسڈک نے اس منصوبے کے لئے 150 مختلف تربیتی اداروں کی خدمات حاصل کی تھیں جن میں سے بیشتر اداروں کی استعداد کار کو بھی بہتر بنایا گیا۔ پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر برنارڈ فرانکوائیس(BERNARD FRANCOIS) مذکورہ منصوبے کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی تھے ۔ جبکہ دیگر مہمانان خصوصی میں یورپی یونین کی مشیر ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سعدیہ عین الدین ، سیکرٹری محکمہ صنعت کے پی کے فرح حامد خان ، چیئرمین سکلز ڈویلپمنٹ کونسل حاجی محمد جاوید ، صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی محمد افضل اور ٹیکنالوجی اینڈ اپگریڈیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی (ٹسڈک)کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عالمگیر چودھری شامل تھے۔

یورہی یونین کے نمائندہ برنارڈ فرانکوئیس نے ٹسڈک کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ یورپی یونین آئندہ بھی پاکستان کی مدد جاری رکھے گی ۔ ٹسڈک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے اس موقع پر ان منصوبوں پر روشنی ڈالی جو کہ مقامی صنعتوں اور عوام کے لئے چلائے جا رہے ہیں ۔ ٹسڈک کے چیف پراجیکٹس اور آپریشن آفیسر نبیل اصغر نے منصوبے کے اغراض و مقاصد اور اس کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی ۔

مزید : کامرس