رواں مالی سال کے دوران 301ارب روپے کے زرعی قرضے تقسیم

رواں مالی سال کے دوران 301ارب روپے کے زرعی قرضے تقسیم

 لاہور(اے پی پی ) حکومت پاکستان کی طرف سے ملک میں زرعی پیداوار میں اضافے اور کسانوں کو ان کی ضروریات کے زرعی مداخل کی فوری فراہمی کیلئے مالی سال 2016-17ء میں 700ارب کے زرعی قرضہ جات فراہم کرنے کے مقررہ اہداف میں سے 301.7ارب روپے کسانوں میں تقسیم کردیئے گئے،زرعی قرضہ جات کی فراہمی کیلئے مقرر کردہ اہداف کے مطابق پانچ کمرشل بینک جن میں الائیڈ بینک،حبیب بینک،مسلم کمرشل بینک،نیشنل بینک اور یونائیٹڈ بینک شامل ہیں کو مجموعی طورپر 340ارب روپے زرعی قرضہ جات کسانوں کو فراہم کرنے کا ہدف دیاگیا جس میں سے انہوں نے 156.4 ارب روپے کے قرضے جاری کرکے مقررکردہ اہداف کا 46فیصد مکمل کرلیا،زرعی ترقیاتی بینک اورپنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کو 115ارب کا ہدف دیاگیا جس میں سے دونوں اداروں نے 34.1ارب روپے جاری کرکے 30فیصد ہدف حاصل کرلیا،15ڈی پی بیز(ڈومیسکٹ پرائیویٹ بینکس)جن میں عسکری بینک،بینک الحبیب،بینک الفلاح،سمٹ بینک،فیصل بینک،حبیب میٹروپولیٹن بینک،جے ایس بینک،این آئی بی بینک،دی فرسٹ ویمن بینک،سندھ بینک،سلک بینک،سنہری بینک،دی بینک آف خیبر،دی بینک آف پنجاب اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کو مالی سال2016-17ء میں 139.6ارب روپے زرعی قرضہ جات کسانوں کو فراہم کرنے کا ہدف دیاگیاہے جس میں سے انہوں نے مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں تقریباً 57.3بلین روپے کسانوں میں تقسیم کیے اور مقررہ اہداف کاتقریباً41فیصد حاصل کیا۔

حکومت پاکستان کی طرف سے ملک میں کام کرنے والے اسلامک بینکس جس میں بینک اسلامی پاکستان،میزان بینک،البرکہ بینک اوردبئی اسلامی بینک شامل ہیں،کو زرعی قرضہ جات فراہم کرنے کے لیے 11ارب کاہدف دیاگیاہے جس میں سے انہوں نے 4.5ارب روپے تقسیم کرکے مقررہ ہدف کا 42فیصد حاصل کرلیاہے۔ ملک میں کام کرنے والے 10بڑے مائیکروفنانس بینک جن میں خوشحالی بینک،این آرایس پی مائیکروفنانس بینک،دی فرسٹ مائیکروفنانس بینک،پاک عمان مائیکروفنانس بینک،تعمیر مائیکروفنانس بینک،موبی لنک مائیکروفنانس بینک،یو مائیکروفنانس بینک،فینکا (FINCA)مائیکروفنانس بینک ،اپنا مائیکروفنانس بینک اورسندھ مائیکروفنانس بینک شامل ہیں،کے لئے زرعی قرضہ جات تقسیم کرنے کاہدف 60.1ارب روپے مقرر کیاگیا جس میں سے انہوں نے 42.2ارب روپے تقسیم کرکے مقررہ ہدف کا 84فیصد حاصل کرلیا۔

اسی طرح ملک میں کام کرنے والے 16مائیکروفنانس انسٹی ٹیوشنز جن میں نیشنل رورل سپورٹ پروگرام،تھر ڈیپ مائیکروفنانس فنڈ،سیفکو (SAFCO)سپورٹ فاؤنڈیشن،پنجاب رورل سپورٹ پروگرام،کشف فاؤنڈیشن،اخوت ،سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن،ڈیمن(DAMEN)سپورٹ پروگرام،نیشنل رورل ڈویلپمنٹ پروگرام،آگاہی،براک(BRAC)پاکستان ،سون ویلی ڈویلپمنٹ پروگرام،ویلیجرز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن،فارمرز فرینڈز آرگنائزیشن،سپورٹ ود ورکنگ سلوشن اور المہران رورل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن شامل ہیں،کے لئے زرعی قرضہ جات کی فراہمی اور تقسیم کرنے کا 34.3ارب روپے کاہدف مقررہوا جس میں سے انہوں نے مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 7.2ارب روپے تقسیم کرکے مقررہ اہداف کا 21فیصد حاصل کیا۔

مزید : کامرس