ریونیو شارٹ فال کی وجہ تاجروں کے مسائل ہیں: عبدالباسط، ناصر حمید خان

ریونیو شارٹ فال کی وجہ تاجروں کے مسائل ہیں: عبدالباسط، ناصر حمید خان

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبرکے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے تیزی سے بڑھتے ہوئے ریونیو شارٹ فال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں بھاری شارٹ فال دراصل تاجر برادری کے مسائل کا عکاس ہے، انہیں سہولیات ، عزت و احترام اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دئیے بغیر فیڈرل بورڈ آف ریونیو محاصل وصولی کے اہداف پورے نہیں کرپائے گا۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو موجودہ ٹیکس دہندگان کو نچوڑنے کی پالیسی ترک کردے کیونکہ اس کی وجہ سے ان لوگوں کو بھی منفی پیغام جارہا ہے جو ٹیکس نیٹ میں آنے کے خواہشمند ہیں جبکہ حکومت کی مالی مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا کہ وہ بینک اکاؤنٹس تک رسائی فوراً بند کرے کیونکہ جب تاجروں کا بینکوں میں پڑا اپنا ہی سرمایہ محفوظ نہیں ہوگا تو وہ سکون کے ساتھ کاروبار کیسے کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس بھی تاجروں پر ایک اضافی بوجھ ہے جو فوراً واپس ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ 3.5ملین ٹیکس دہندگان رجسٹرڈ ہیں جبکہ فائل ریٹرن کرنے والوں کی تعداد صرف ایک ملین کے لگ بھگ ہے لہذا بقیہ افراد سے ٹیکس وصولی پر بھی توجہ دی جائے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک تاجروں کے بغیر معاشی استحکام کا ہدف حاصل نہیں کرسکتا لہذا تاجروں کے مسائل کم کیے جائیں اور ٹیکس پالیسی یکساں طور پر نافذ کی جائے ۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...