گپٹل کی طوفانی اننگز ، نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 7وکٹوں سے ہرا دیا

گپٹل کی طوفانی اننگز ، نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 7وکٹوں سے ہرا دیا

ہیملٹن( نیٹ نیوز ) مارٹن گپٹل نے 180 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے فتح دلا دی اور 5 میچز کی سیریز 2۔2 سے برابر ہو گئی۔جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز سکور کیے، کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے 59 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 72 رنز سکور کیے، فاف ڈوپلیسی نے67 رنز کی اننگز کھیلی، ہاشم آملہ 40، وین پارنل 29، کرس مورس 28 اور جے پی ڈومنی 25 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں سکورر رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیتن پٹیل نے 2 جبکہ مچل سینٹنر، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی اور جیمز نیشام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔280 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم نے اوپنر مارٹن گپٹل کی جارحانہ اننگز کی بدولت ہدف 45 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ گپٹل نے 138 گیندوں پر 11 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 180 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، راس ٹیلر نے 66 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے 2 جبکہ کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔بلیک کیپس کی فتح کے ساتھ ہی 5 ون ڈے میچوں کی سیریز 2۔2 سے برابر ہو گئی ہے، پانچواں اور فیصلہ کن میچ 4 مارچ کو ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی